فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دیہی خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے ویژن کے تحت ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیراہتمام فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی جدید ترین مہارت یافتہ400خواتین میں صنعتوں کے اپوائٹمنٹ لیٹرز تقسیم کردیئے گئے۔ نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم پنجاب کونسل آف آرٹس میں منعقدہ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی رانا احمد شہریار،پارلیمانی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ/ایم پی اے سلمہ سعدیہ تیمور،سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب ثمن رائے اور کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے شرکت کی۔تقریب میں ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب کی دیگر افسران اور ٹیکسٹائل انڈسٹریز کے عہدیداران موجود تھے۔تقریب میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے انقلابی اقدامات کی ویڈیو ڈاکومنٹریز دکھائی گئیں۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے منصوبہ شی تھریڈزSHE THREADS کے تحت مختصر مدت میں صوبہ کی 10ہزار خواتین کو ہنر مند بنا کر روزگار فراہم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مضبوط عورت مضبوط پنجاب کی بنیاد ہے اور فیصل آباد کی 400خواتین کو ملک کی بڑی ٹیکسٹائل صنعتوں میں ملازمت 400خاندانوں کی کفالت ہے۔تقریب سے ایم پی اے رانا احمد شہریار نے بھی خطاب کیا۔




