فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ہنر مند قوم ہی ملک کا روشن مستقبل ثابت ہو سکتی ہے ہمارے نوجوان ہنر مند بننے کی بجائے نوکری کی تلاش میں سرگرداں نظر آتے ہیں اور نوکر بننا پسند کرتے ہیں آج کل کے نوجوان محنت کرنے سے کترا تے ہیں وہ بیرون ملک جانے کے خواب بنتے ہیں وہاں جا کردگنی محنت کر لیتے ہیں مگر ملک کے اندر رہتے ہوئے محنت کرنا گوارا نہیں کرتے۔ ان خیالات کا اظہار معروف سرجن ڈاکٹر اے آر حسن نے جھنگ روڈ کسانہ آفس میں آئی ٹی سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آرکیٹکٹ زاہد اکبر۔ معروف بزنس مین یٰسین کسانہ۔ حسنین کسانہ۔ ملک نعیم۔ اختر عباس۔سلیمان شفیح کسانہ ۔شفیق گجر۔و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آئی ٹی سٹوڈنٹ سے خطاب کرتے ہوئے یٰسین کسانہ نے کہا کہ دنیا ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے ہمارے نوجوان آئی ٹی کے ذریعے دنیا میں انقلاب لا سکتے ہیں جس کے لئے آئی ٹی کی تعلیم ضروری ہے، ہمیں ترقی یافتہ دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنے بچوں کو آئی ٹی کی تعلیم کی جانب راغب کرنا ہوگا۔




