ہیلو فیصل آباد…. ڈویژنل انتظامیہ کا انقلابی قدم

فیصل آباد پنجاب کا تیسرا بڑا شہر، جسے پاکستان کا صنعتی دل بھی کہا جاتا ہے۔ یہ شہر نہ صرف ٹیکسٹائل انڈسٹری کا مرکز ہے بلکہ لاکھوں افراد کا روزگار، تعلیم اور کاروبار اسی شہر سے وابستہ ہے۔ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی، صنعتوں کی توسیع اور شہری پھیلا نے جہاں ترقی کے نئے دروازے کھولے ہیں وہیں میونسپل مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ صفائی ستھرائی، تجاوزات، ٹریفک، سیوریج، سٹریٹ لائٹس، پانی کی فراہمی اور ماحولیاتی آلودگی جیسے مسائل شہری زندگی کو متاثر کرتے رہے ہیں۔ انہی مسائل کے پائیدار حل کے لیے وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے انقلابی ویژن کے تحت کمشنر فیصل آباد۔ راجہ جہانگیر انور کی سربراہی میں ڈویژنل انتظامیہ نے ایک جامع اور مؤثر نظام متعارف کروایا جسے ہیلو فیصل آباد کا نام دیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ ہر شہری کو بنیادی میونسپل سہولیات اس کے دروازے پر دستیاب ہوں، اور شکایات کے ازالے کے لیے اسے دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ اسی وژن کے تحت فیصل آباد میں جدید اور ڈیجیٹل بنیادوں پر عوامی خدمت کے منصوبے شروع کیے گئے، جن میں ہیلو فیصل آباد ایک نمایاں مثال ہے۔ ہیلو فیصل آباد منصوبے کے تحت ڈویژنل انتظامیہ نے فیصل آباد شہر کو 15 زونز میں تقسیم کیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد انتظامی امور کو مؤثر بنانا، ذمہ داریوں کا تعین کرنا اور مسائل کی فوری نشاندہی و حل کو یقینی بنانا ہے۔ ہر زون میں مخصوص فیلڈ اسٹاف اور میونسپل کارپوریشن موٹر بائیکس سکواڈ تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی شکایت یا مسئلے پر فوری ردعمل ممکن ہو۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے میونسپل کارپوریشن میں منعقدہ تقریب کے دوران ای بائیکس کی چابیاں متعلقہ اسکواڈ کے ارکان میں تقسیم کیں۔ یہ ای بائیکس جدید سہولیات سے آراستہ ہیں اور ماحول دوست ہونے کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں تیزی سے رسائی کو ممکن بناتی ہیں۔ موٹر بائیکس اسکواڈ کا قیام اس بات کی علامت ہے کہ حکومت اب روایتی دفتری نظام سے نکل کر فیلڈ پر موجودگی کو ترجیح دے رہی ہے۔ کمشنر فیصل آباد کے مطابق یہ اسکواڈ اپنے اپنے زونز میں مختلف میونسپل مسائل کی نگرانی کرے گا۔ ان ذمہ داریوں میں تجاوزات کی نشاندہی اور خاتمہ، واسا سے متعلق پانی اور سیوریج کے مسائل کا فوری ازالہ، خراب سٹریٹ لائٹس کی درستی،صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانا، آوارہ کتوں کی تلفی’ وال چاکنگ کا خاتمہ، غیر قانونی پارکنگ کی روک تھام, کھلے مین ہولز کو کور کرنااور ابتر سڑکوں کی مرمت و بحالی و دیگر عوامی مسائل شامل ہیں۔ اس نظام پر مستعد اور مؤثر عملدرآمد کے لئے کمشنر آفس میں مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے۔ ضلع کی ہر تحصیل سے دو مانیٹر مقرر کئے گئے ہیں جو فیلڈ میں واسا، پی ایچ اے، میونسپل کارپوریشن، ایف ڈی اے، تعلیمی بورڈ، تحفظ ماحول، پنجاب فوڈ اتھارٹی سے متعلق عوامی مسائل مانیٹرنگ سیل کو رپورٹ کریں گے جن کے حل کے لئے متعلقہ محکموں کو ڈیٹا فراہم کیا جائے گا اسکواڈ تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو۔ ہیلو فیصل آباد منصوبے کا ایک اہم پہلو ڈیجیٹل نظام کا متعارف ہونا ہے، جو عنقریب فعال کیا جائے گا۔ اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے شہری اپنی شکایات آن لائن درج کروا سکیں گے۔ واٹس ایپ نمبر بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ عام شہری باآسانی تصاویر، وڈیوز اور دیگر تفصیلات کے ساتھ مسائل کی نشاندہی کر سکیں۔ یہ نظام شفافیت، رفتار اور جوابدہی کو یقینی بنائے گا۔ ہیلو فیصل آباد کے تحت متعدد محکمے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر کام کریں گے جن میں میونسپل کارپوریشن، واسا،پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے)، فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے)، پنجاب فوڈ اتھارٹی،تحفظ ماحول، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی و دیگر شامل ہیں۔ ان تمام اداروں کی ٹیمیں فوری ردعمل کا مظاہرہ کریں گی تاکہ شہریوں کو بہتر اور بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں۔ کمشنر فیصل آباد نے زونز میں تعینات فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلی پنجاب نے میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے واضح ڈیڈ لائن مقرر کر رکھی ہے، جس پر ہر صورت عمل درآمد لازم ہے، ہیلو فیصل آباد منصوبہ شہریوں کے لیے کئی حوالوں سے بے حد فائدہ مند ہے جس کی بدولت، فوری شکایات کا ازالہ، شفاف نظام، ڈیجیٹل رسائی، محکموں کے درمیان بہتر رابطہ، شہری ماحول میں بہتری،اداروں پر عوامی اعتماد کی بحالی ممکن ہوگی۔ یہ منصوبہ عوام اور حکومت کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرے گا۔ ای بائیکس کا استعمال اس منصوبے کو ماحول دوست بناتا ہے۔ فضائی آلودگی میں کمی، ایندھن کی بچت اور کم شور جیسے فوائد شہری ماحول کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ یہ منصوبہ فیصل آباد میں پائلٹ پراجیکٹ ہوگا جسے ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔ یہ اقدام مستقبل میں دیگر شہروں کے لیے بھی ایک مثال بن سکتا ہے۔ انتظامی افسران کو متحرک کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ڈویژنل انتظامیہ اس منصوبے کو سنجیدگی سے نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ افسران کی براہ راست شمولیت سے عمل درآمد میں تیزی اور شفافیت آئے گی۔ کسی بھی حکومتی منصوبے کی کامیابی عوامی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں۔ ہیلو فیصل آباد میں شہریوں کو براہ راست شکایات درج کروانے کا حق دے کر انہیں نظام کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اس سے نہ صرف مسائل کی نشاندہی بہتر ہوگی بلکہ عوام میں ذمہ داری کا احساس بھی پیدا ہوگا۔ اگر ہیلو فیصل آباد منصوبہ اپنی روح کے مطابق کامیابی سے چلتا ہے تو یہ ماڈل پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی نافذ کیا جا سکتا ہے۔ ڈیجیٹل گورننس، فوری ردعمل اور محکموں کے اشتراک پر مبنی یہ نظام شہری ترقی کی نئی راہیں کھول سکتا ہے۔ ہیلو فیصل آباد صرف ایک منصوبہ نہیں بلکہ شہری خدمت کا ایک نیا تصور ہے۔ جدید اور مربوط انداز میں عوامی خدمت کی عمدہ سوچ کے تحت وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں شروع ہونے والا یہ اقدام فیصل آباد کے شہریوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔ اگر انتظامیہ، فیلڈ اسٹاف اور عوام مل کر اس نظام کو کامیاب بنائیں تو وہ دن دور نہیں جب فیصل آباد ایک صاف، منظم اور مثالی شہر کے طور پر پہچانا جائے گا۔ شہری سہولیات کی بروقت فراہمی، شفافیت اور جوابدہی ہی وہ عناصر ہیں جو کسی بھی شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہیں، اور ہیلو فیصل آباد اسی سمت ایک مضبوط قدم ہے جس کا سہرا کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کے سر ہے جنہوں نے کمال انتظامی صلاحیتوں سے وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کو حقیقت کا روپ دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں