100 سال تک استعمال ہونیوالی بیٹری بنا لی گئی

لیتھوانیا(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک ایسی بیٹری متعارف کرائی گئی ہے جس کے بارے میں دعوی کیا جا رہا ہے کہ یہ ایک صدی سے زیادہ عرصے تک استعمال کی جا سکتی ہے۔ ایٹمی مواد بنانے والی امریکی کمپنی نے ایک ایسی سولڈ اسٹیٹ بیٹری بنائی ہے جس کے بارے میں اس کا دعوی ٰہے کہ یہ بغیر کسی دیکھ بھال کے سو سال سے زیادہ عرصے تک مسلسل بجلی فراہم کر سکتی ہے۔بیٹری خاص طور پر ان الیکٹرانک آلات کیلئے بنائی گئی ہے جو بہت کم بجلی استعمال کرتے ہیں اور ایسی جگہوں پر نصب ہوتے ہیں جہاں بار بار جانا یا ان کی مرمت کرنا مشکل ہوتا ہے۔ این آر ڈی نامی کمپنی کے مطابق اس کی NBVسیریز کی بیٹریاں (Nickel-63)نامی مادہ استعمال کرتی ہیں۔ یہ مادہ تابکاری کے اخراج کے ذریعے بجلی پیدا کرتا ہے، اس ٹیکنالوجی کو بیٹا وولٹیک ڈیزائن کہا جاتا ہے جو تابکاری سے نکلنے والی توانائی کو براہ راست برقی رو میں تبدیل کر دیتا ہے۔ عام بیٹریوں کے برعکس یہ بیٹریاں دہائیوں تک مسلسل بجلی فراہم کرتی رہتی ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ چھوٹی سی بیٹری 5سے 500نینو واٹ تک بجلی فراہم کر سکتی ہے، یہ اتنی کم بجلی ہے جو صرف خاص قسم کے سینسرز، ڈیٹا ریکارڈ کرنے والے سسٹم اور مانیٹرنگ آلات کیلئے موزوں ہے جنہیں مسلسل لیکن معمولی توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔کمپنی کے سی ای او شیل الفیرو نے کہا کہ اگر کسی اہم مشن کے دوران بیٹری فیل ہو جائے تو پورا سسٹم ناکام ہو جاتا ہے، ہماری یہ بیٹری ان جگہوں کیلئے بہترین حل ہے جہاں بیٹری بدلنا ممکن نہیں ہوتا۔اس بیٹری کو صنعتی نگرانی، ماحولیاتی سینسرز، سکیورٹی سسٹمز اور مصنوعی ذہانت پر چلنے والے ان پلیٹ فارمز کیلئے استعمال کیا جا سکے گا جنہیں ہر وقت آن رہنے کیلئے تھوڑی سی بجلی درکار ہوتی ہے۔کمپنی کے پاس ایٹمی مواد کے استعمال کا دہائیوں کا تجربہ ہے تاہم سی ای او نے اب تک یہ واضح نہیں کیا کہ یہ بیٹریاں عام مارکیٹ میں کب دستیاب ہوں گی۔ اگرچہ 100سال کا دعویٰ (Nickel-63)کی طبعی عمر پر مبنی ہے لیکن اس کی اصل کارکردگی کا آزادانہ طور پر تجربہ کیا جانا ابھی باقی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں