12ربیع االاول کے جلوسوں کی حفاظت کیلئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی

جڑانوالہ(نامہ نگار) عید میلاد النبی ۖکے پر امن انعقاد کیلئے امن کمیٹی اور علماء کرام کا مشترکہ اجلاس۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی جڑانوالہ اختر علی وینس اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ اور نگز یب گورائیہ کی مشترکہ صدارت میں ربیع الاول المبار ک اور عید میلاد النبی ۖ کے مبارک موقع پر امن و امان کے قیام اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں انچارج سیکیورٹی محمد عنصر (سب انسپکٹر)،چیف آفیسر میو نسپل کمیٹی جڑانوالہ محسن مظہر،ممبرانِ امن کمیٹی اور تمام مکاتبِ فکر کے علما کرام نے شرکت کی۔ایس پی جڑانوالہ اختر علی وینس اور انچارج سیکیورٹی محمد عنصر(سب انسپکٹر) نے جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور یقین دہانی کرائی کہ جلوسوں کی حفاظت کیلئے پولیس کی اضافی نفری اور سخت سیکیورٹی پلان نافذ کیا جائے گا،اسسٹنٹ کمشنر اورنگزیب گورائیہ اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محسن مظہر نے بتایا کہ جلوس کے تمام راستوں پر صفائی ستھرائی، لائٹنگ، پیچ ورک اور تجاوزات کی منتقلی کو بروقت مکمل کیا جائے گا تاکہ شرکاء کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام اور امن کمیٹی کے ممبران نے بھائی چارے، مذہبی رواداری اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے پر مکمل اتفاق کیا۔اجلاس میں طے پایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق اور لائوڈ سپیکر ایکٹ کی مکمل پاسداری کی جائے گی اور کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز مواد یا افواہوں کا سدباب کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں