فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) خانوآنہ بائی پاس سے مکوآنہ روڈ پر تیز رفتار ڈالہ اور مزدا ٹرک میں تصادم، 3افراد بری طرح زخمی ہو گئے، مزدا ٹرک اور ہنڈائی ڈالہ بری طرح تباہ ہو گئے، ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بھکر کے رہائشی 26سالہ قمر ولد رمضان’ 23سالہ فخر ولد اختر اور 17سالہ عامر ولد اظہر ڈالہ پر سوار ہو کر فیصل آباد سے بھکر جا رہے تھے کہ جب وہ خانوآنہ بائی پاس مکوآنہ کے قریب 240 آبادی کے قریب پہنچے تو مخالف سمت سے آنیوالے تیز رفتار مزدا ٹرک سے ٹکرا گئے، حادثہ اتنا شدید تھا کہ دور دور تک اس کی آواز سنی گئی اور گاڑیوں کے فرنٹ بری طرح تباہ ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں قمر’ فخر اور عامر کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔دریں ثنائ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے چک نمبر381ج ب کاہلواں، جھنگ روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھائی میں جا گری اور الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں 56 سالہ منیر احمد ولد نواب خان، سکنہ ضلع جھنگ، ٹریکٹر کے نیچے دبنے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ 51سالہ محمد اقبال ولد پہلوان، سکنہ ضلع جھنگ، اندرونی چوٹیں آنے کے باعث زخمی ہو گئے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ایمبولینس، ریسکیو وہیکل اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیورز نے زخمی محمد اقبال کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جبکہ جاں بحق ہونے والے منیر احمد کی لاش ٹریکٹر کے نیچے سے نکال کر ضروری کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد امدادی کارروائی بروقت مکمل کر لی گئی، جبکہ واقعے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔دریں ثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک کے المناک حادثات میں خاتون سمیت دو افراد لقمہ اجل بن گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق 209 ج ب پینسرہ کا رہائشی حسن اپنی 25سالہ اہلیہ شاہدہ بی بی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سمندری جا رہا تھا جب وہ 465 گ ب بائی پاس کے قریب پہنچے تو عقب سے آنے والے تیز رفتار ٹرک کی ٹکر لگنے سے میاں بیوی روڈ پر گر کر بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 نے مضروبان کو ہسپتال پہنچایا جہاں پر شاہدہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ دوسرا حادثہ کینال روڈ پر پیش آیا جہاں پر منصورآباد کا رہائشی 34سالہ زین ولد صغیر موٹرسائیکل پر سوار ہو کر ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ جب وہ کینال روڈ پر پہنچا تو تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔




