فیصل آباد(ایجوکیشن رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی اصلاحات کے وژن کے تحت محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کی موثر نگرانی کے لیے سکول مانیٹرنگ ایپ متعارف کروا دی ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی قیادت میں شروع کیے گئے اس اقدام کے تحت صوبے کے 60 ہزار 15 سکولوں کی مانیٹرنگ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی ہدایات کے مطابق ایپ کو پیر 2 نومبر 2026 سے فیلڈ میں استعمال کیا جائے گا۔ اس ڈیجیٹل نظام کے ذریعے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی، اساتذہ کی حاضری و تدریسی عمل، سکولوں کی عمارتوں، صفائی، پینے کے پانی، بجلی، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی نگرانی کی جا سکے گی۔ابتدائی مرحلے میں مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اسسٹنٹس (MEAs) اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (AEOs) ایپ استعمال کریں گے، جبکہ آئندہ مراحل میں ڈپٹی ڈی ای اوز، ڈی ای اوز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز کے لیے بھی سہولیات متعارف کروانے کا منصوبہ ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے اس اقدام کا مقصد سکولوں کی نگرانی میں شفافیت، تعلیمی وسائل کے بہتر استعمال اور مستند معلومات کی بنیاد پر فیصلوں کو یقینی بنانا ہے، تاکہ صوبے بھر میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے مثر اقدامات کیے جا سکیں۔




