فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان فلاح پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لوٹ مار اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔ پٹرولیم کی ہر روز قیمتیں بڑھا کر پیٹرولیم کمپنیوں کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچا رہا ہے۔عوام غفلت کی نیند سو رہی ہے، صرف آٹھ دن میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 50روپے کا اضافہ ظلم و بربریت کی انتہا ہے۔حکومت کسان دشمنی کی آخری حد کو چھو رہی ہے پنجاب میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت تمام سرکاری ادارے تباہ کیئے جا رہے ہیں۔ صحت ، تعلیم، زراعت سمیت تمام شعبوں کو پستی کی طرف دھکیل دیا گیا ہے۔ نت نئے محکمے بنا کر عوام کا سانس لینا بھی مشکل بنا دیا گیا ہے۔ روزگار کے مواقع ختم کئے جا رہے ہیں۔ ٹھوس منصوبہ بندی کا کہیں نام و نشان نہیں۔ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہی اور وزیراعلیٰ پنجاب لاہور سے واہگہ بارڈر تک سڑک کے ساتھ ساتھ محرابیں بنا رہی ہے۔ مختلف شہروں کو ماڈل بنانے پر کروڑوں روپے پانی کی طرح بہائے جا رہے ہیں۔ عوام کب تک صبر کریں گے عوام کا صبر کا پیمانہ اچھلنے کو ہے، پھر ظالم حکمران خس و خاشاک کی طرح بہ جائیں گے۔




