تجاوزات کیخلاف آپریشن پر ضلعی انتظامیہ اور سپریم انجمن تاجران(امین بٹ گروپ)آمنے سامنے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آٹھ بازاروں میں تجاوزات’ ضلعی انتظامیہ اور سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) آمنے سامنے آ گئے۔ تفصیل کے مطابق کمشنر سلوت سعید’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تاجروں سے مشاورت کے بعد شہر کے آٹھ بازاروں میں تاجروں کو دکانوں کے باہر 5فٹ جگہ استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہوئے دیگر پختہ تجاوزات کو ختم کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ آٹھ بازاروں’ گول بازاروں اور دیگر مارکیٹوں میں قائم پختہ تجاوزات کو مسمار کیا اور روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تاجروں نے ضلعی انتظامیہ کے احکامات کو پس پشت ڈال کر دکانوں کے آگے پانچ فٹ جگہ سے بھی آگے بڑھنا شروع کر دیا جو کہ منع کرنے کے باوجود باز نہ آئے تو ضلعی انتظامیہ نے زیروٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے دکانوں کے باہر 5فٹ جگہ کے استعمال کرنے کا خاتمہ کرتے ہوئے تاجروں کو اپنی دکانوں کے اندر کاروبار کرنے کے احکامات جاری کر دیئے اور دکانوں کے باہر سامان رکھنے اور پھٹہ لگانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ شروع کر دیا اور مختلف بازاروں میں ایم سی ایف کی ٹیموں نے دکانوں کے باہر سے سامان اٹھانا شروع کیا تو تاجروں کی طرف سے مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا جس پر سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) نے آج شام چوک گھنٹہ گھر میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تجاوزات کی آڑ میں آٹھوں بازاروں وملحقہ گلیوں میں تاجروں کو دکانوں کے باہر 5فٹ پر بھی سامان رکھنے نہیں دیا جا رہا اس کے خلاف لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں