شرپسندوں کی گرفتاری میں عدم تعاون،حکومت نے کرم متاثرین کی امداد روک دی

پشاور (بیوروچیف) خیبرپختونخوا حکومت نے کرم متاثرین کی مزید امداد روک دی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کرم کے متاثرین کو مالی امداد دینے کے احکامات جاری کیے تھے اور ان کے حکم پر معاوضے کیلئے بگن میں متاثرہ گھروں اور دکانوں کا 90فیصد سروے بھی مکمل کرلیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اب فی الحال کرم متاثرین کی مزید امداد روک دی۔ذرائع نے بتایاکہ حکومت نے جرگہ عمائدین سے شرپسندوں کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس حوالے سے وزیراعلی کے مشیر بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ جن علاقوں کے لوگ حکومت سے تعاون نہیں کریں گے ان کی مالی مدد روک دی جائے گی۔دوسری جانب پاراچنار پریس کلب کے باہر دھرنا دیکر سڑک بند کرنے والے 200سے زائد افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مقدمہ روڈ بند کرنے اور دفعہ 144کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا۔ادھر لوئر کرم میں مندروی کے مقام پر دھرنا جاری ہے۔ جرگہ منتظمین نے اعلان کیا کہ اپیکس کمیٹی اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد تک دھرناجاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کرم کو اسلحہ سے پاک اور بگن متاثرین کو معاوضہ ملنے تک دھرنا جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں