صنعتکاروں کا گیس کے نئے ٹیرف پر لیوی دینے سے انکار

اسلام آباد (بیوروچیف) ایک نئی پیشرفت میں، کیپٹو پاور پلانٹس (CPPs)رکھنے والی برآمدی اور غیر برآمدی صنعت نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انہیں گیس منقطع کرنے کے نوٹس بھیجے کیونکہ وہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نئے گیس ٹیرف پر لیوی کا بوجھ مزید برداشت نہیں کر سکتی۔ حکومت نے اوگرا کی ہدایات پر CPPs کے لیے گیس کے نئے ٹیرف 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے نفاذ کا اعلان کیا ہے، جس پر صنعت کاروں نے سخت اعتراض کیا ہے۔شمالی اور جنوبی پاکستان کے صنعت کاروں نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ ایل این جی سیکٹر کو آزاد کرے اور صنعت کو اجازت دے کہ وہ اپنی کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے ایل این جی درآمد کرے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ گیس کی فراہمی ترمیم شدہ ای اینڈ پی پالیسی 2012 کے تحت حاصل کرنا چاہتے ہیں، جو نجی شعبے کو 35 فیصد گیس پیداوار اور اکتشاف کمپنیوں سے خریدنے کی اجازت دیتی ہے۔یہ بات منگل کو وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور اعلی سرکاری عہدیداروں کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کہی گئی۔ ملاقات میں شمالی اور جنوبی پاکستان کے کئی کاروباری رہنماوں نے شرکت کی، جن میں سے بعض زوم اور اسکائپ کے ذریعے شامل ہوئے۔ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ صنعت کاروں نے واضح کیا کہ اگر لیوی نافذ کی گئی تو گیس کے ٹیرف میں مزید 800سے 2500روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ ہو گا، جو CPPs کی کارکردگی پر منحصر ہوگا۔ یہ اضافی بوجھ صنعت کے لیے ناقابل قبول ہوگا۔حکومت نے صنعت کاروں پر دبائو ڈالا ہے کہ وہ لیوی کے ذریعے 3500روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے زیادہ قیمت ادا کریں کیونکہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ وعدہ کیا ہے کہ وہ 31جنوری 2025تک CPPs سے گیس کی سپلائی منقطع کرے گی اور صنعت کو گرڈ بجلی پر منتقل کرے گی۔تاہم، صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ گرڈ سے بجلی کی سپلائی مہنگی اور غیر قابل اعتماد ہے، جس میں جھٹکے اور تغیرات شامل ہیں۔ اس وقت پاکستان میں گرڈ سے بجلی کی قیمت 1316 سینٹ فی کلو واٹ گھنٹہ ہے، جو کہ چین، بھارت، ویتنام، بنگلہ دیش، اور ازبکستان جیسے مسابقتی ممالک میں دستیاب 59 سینٹ فی کلو واٹ گھنٹہ سے کہیں زیادہ ہے۔سابق اے پی ٹی ایم اے چیئرمین اور معروف صنعت کار جناب آصف عنام نے تصدیق کی کہ وزیر پیٹرولیم کے ساتھ ملاقات میں صنعت نے گیس کے نئے ٹیرف پر لیوی ادا کرنے سے انکار کیا اور حکومت سے کہا کہ ایل این جی سیکٹر کو آزاد کرے تاکہ وہ کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے ایل این جی درآمد کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں