فیصل آباد کو کرائم فری بنانے کیلئے تمام وسائل برائے کار لائینگے،سی پی او بلال عمر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہریوں کے جان ومال کی حفاظت’ جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ اور فیصل آباد کو کرائم فری بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے، سیف سٹی پراجیکٹ جولائی میں فعال ہو جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے سینئر صحافیوں سے تعارفی میٹنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی آبادی ایک کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ آبادی کے بڑھنے سے کرائم کی شرح میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کی ذمہ داری اولین ترجیح ہے۔ شہر میں منشیات کے خاتمہ کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بنائی جا رہی ہے۔ تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کر کے نوجوان نسل کے مستقبل سے کھیلنے والے ملک دشمنوں کو عبرت کا نشانہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہوں کے ساتھ ساتھ گلی محلوں میں جہاں وارداتیں زیادہ ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے ان علاقوں میں پٹرولنگ کے نظام کو موثر بنا رہے ہیں۔ منشیات فروشوں’ جواء خانوں’ اشتہاریوں اور جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹ جلد فعال کر دیا جائے گا۔ جس کا 90فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، دس فیصد کام باقی ہے۔ فیصل آباد بھر میں کل 1500 کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔ جن میں سے 970کیمرے فعال ہیں اور امید ہے کہ جولائی میں سیف سٹی پراجیکٹ مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ سی پی او نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کو اب فیصل آباد چھوڑنا ہو گا۔ ضلع کی سطح پر اشتہاریوں’ کریمنلز کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے جلد ہی فیصل آباد میں جرائم کی شرح میں کمی آپ محسوس کرینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں