مسائل کے حل کیلئے ڈویژن کی سطح پر صوبہ کا قیام ضروری ہے

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) سینئر سیاستدان رانا زاہد توصیف نے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی آبادی ‘ بڑھتے مسائل’ عام آدمی کی ارباب اختیار تک شنوائی ‘ کرپشن اور شاہی اخراجات کی روک تھام کیلئے ہر ڈویژن کی سطح صوبہ کا قیام ضروری ہے انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ وقت میں بلدیات کا نظام نہ ہونے کے باعث گلی محلوں’ دیہاتوں کے مسائل میں قدرے اضافہ ہو چکا ہے اور ہر ممبر قومی اسمبلی کے حلقہ میں کم و بیش 10لاکھ’ ایم پی اے کے حلقہ میں 5لاکھ کی آبادی ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے ممکن نہیں کہ وہ اٹک سے ڈیرہ غازی خان کی سرحد تک مسائل کا احاطہ کر سکے دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ ہر ضلع اور ڈویژن کو اس کی آبادی کے مطابق بجٹ نہیں ملتا’ چنانچہ یہی وجہ ہے کہ سڑکوں’ نالیوں ‘ سیوریج ‘ صحت’ تعلیم سمیت دیگر عوامی مسائل سنگین ہو چکے ہیں اس کا واحد حل یہی ہے کہ ہر ڈویژن کو صوبہ کے اختیار سونپ دیئے جائیں اور اس کا تمام تر نظام کنٹرول کرنے کیلئے کمشنر یا ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کی جائے جس کو بے جا پروٹوکول اور مراعات کی بجائے معمولی سہولتیں دی جائیں’ اس طرح ہر ڈویژن کی سطح پر مقابلہ بازی اور لیڈر شپ سامنے آئے گی اس اقدام سے ایماندار اور محنتی لیڈر شپ کی نرسری کی تیاری میں بھی مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ ہر ڈویژن کی سطح پر ڈویژن بننے سے عملی اقدامات ہوں گے اور لوکل گورنمنٹ احسن طریقہ سے ترقیاتی تعمیراتی کاموں اور تمام متعلقہ اداروں کی مانیٹرنگ کر سکے گی۔اور ملک میں حقیقی معنوں میں تبدیلی آئے گی ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز ہو گی عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے نیز لوگوں کو ریلیف ملے گا اسی طرح کرپشن میں بھی کمی آئے گی علاوہ ازیں ہر ڈویژن کی سطح پر ہائی کورٹ بنچ کے قیام میں بھی مدد ملے گی۔ عام آدمی کے مسائل کی شنوائی ہونے سے ہر تحصیل ‘ ہر ضلع اور ہر ڈویںن کی سطح پر پسماندگی کا بتدریج خاتمہ ہو گا ‘ حکومت کو اس تجویز پر سنجیدگی سے غور کرنا ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں