اوورسیز پاکستانیوں کی اہلخانہ کی کفالت زیادہ اہم ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری فقیرحسین ڈوگرنے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر روکنے کی اپیل کے باوجود ترسیلات زرمیں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے یہاں تک کہ ان کے اپنے حمایتی بھی اس مہم کا حصہ نہیں بن سکے۔ان کاکہنا تھاکہ پاکستانیوں کے لیے اپنے اہل خانہ کی کفالت کسی بھی سیاسی حکمت عملی سے زیادہ اہم ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مسلسل دوسرے ماہ 3 ارب ڈالر سے زائد رقوم پاکستان بھیجی ہیں۔ دسمبر میں بانی پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا اعلان جبکہ اس سے قبل آ ئی ایم ایف کو قرض نہ دینے کا بھی کہاتھابیرون ملک پاکستانیوں سے کہا گیا تھا کہ وہ ترسیلات زر بھیجنا محدود کریں جس کا مقصد حکومت پر دبائو ڈالنا تھا، کیونکہ پاکستان کی کمزور معیشت کے لیے یہ رقوم انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔ اس اپیل کے باوجود، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جنوری 2025میں ترسیلات زر میں 25فیصد اضافہ ہوا اور 3ارب ڈالر کی حد مسلسل دوسرے مہینے برقرار رہی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر اوورسیز پاکستانیوں کے لیے رقوم بھیجنا کسی سیاسی نظریے کی حمایت یا مخالفت کا معاملہ نہیں بلکہ ان کے گھر والوں کی بنیادی ضروریات کا تقاضا ہے۔ انہیں کسی بھی سیاسی مہم کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں استحکام اور غیر قانونی مالیاتی چینلز کے خلاف حکومتی کارروائی نے بھی بینکنگ چینلز کے ذریعے ترسیلات زر میں اضافے میں کردار ادا کیا ہے۔ ترسیلات زر میں کمی کے بجائے مسلسل اضافے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے اپنے اہل خانہ کی کفالت کسی بھی سیاسی حکمت عملی سے زیادہ اہم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں