الائیڈ ہسپتال کا نیو کلیئر وارڈ 100بستروں کے ہسپتال میں تبدیل

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کوششوں سے الائیڈ ہسپتال کے 60بستروں پر مشتمل نیوکلیئر میڈیسن کے وارڈ کو فوری طور پر 100 بستروں کے مکمل ہسپتال میں تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ کیمو گرافی کی پرانی مشینری کی جگہ نئی اور جدیدLinear Accelerator (LINAC) مشین کی خریداری کا عمل جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری عظمت محمود سے اس حوالے سے ہونے والی ملاقاتوں کے فالواپ کے سلسلہ میں کینسر کے ماہر ڈاکٹروں، پروفیسر ڈاکٹرمحمد خالد بیگ اور عامر شوکت پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران بتائی۔ ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ فیصل آباد کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے عملی کوششوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں وزیر صحت کی ہدایت پر فوری طور پر 60 بستروں کے وارڈ کو 100بستروں وارڈکا کردیا گیا ہے جبکہ اس وقت بھی یہاں-135 130 مریضوں کا روزانہ علاج کیا جا رہا ہے جن کی تعداد بتدریج بڑھ کر 200تک بھی پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ کینسر کا علاج مہنگا ہے اس لئے اس کے علاج کی بجائے اس سے بچائو پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خواتین میں بریسٹ کینسر کے حوالے سے بتایا کہ چیمبر مخیر حضرات اور خاص طور پر کے تعاون سے بچیوں میں اس بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے علاوہ کیموگرافی کیلئے کیمپ بھی لگائے جانے چاہیے ۔ ڈاکٹر محمد خالدبیگ نے بتایا کہ چیمبر کے ممبروں کو الائیڈ ہسپتال کا دورہ کرنا چاہیے تاکہ انہیں موجودہ سہولتوں کے ساتھ ساتھ تیکنیکییی پریزنٹیشن بھی دی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ کینسر کی زیادہ تر ادویات سرکاری خزانے یا مخیر لوگوں کی مالی معاونت سے فراہم کی جاتی ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس وقت فیصل آباد میں ایک عام اور مڈل کلاس پاکستانی کا بہترین علاج کیا جارہا ہے جبکہ فرق صرف مشین کا ہے۔ انہوں نے کہا کہLinear Accelerator (LINAC) مشین کے آنے سے علاج کے نتائج میں مزید بہتری آئے گی۔ آخر میں چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ڈاکٹرمحمد خالد بیگ کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ اس موقع پر سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں