پاکستان اور ویتنام کے مابین باہمی تعلقات مزید مضبوط کئے جارہے ہیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ویت نام کے سفیر فام انہ ٹوآن (Pham Anh Tuan) نے کہا ہے کہ پاکستان اور ویت نام کے مابین باہمی تعلقات بالخصوص زراعت اور تجارت کے میدان میں مزید مضبوط کئے جا رہے ہیں تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں سے ان کے چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈینز و ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران باہمی تعاون کے شعبہ جات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ویت نام تمباکو ، پیلی کارن اور کپاس پاکستان سے درآمد کرتا ہے جبکہ برآمدات میں کافی، کالی مرچ اور کاجو شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں زرعی ٹیکنالوجی کے تبادلے بالخصوص چھوٹے کاشتکاروں کے لئے جانوروں کی ویکسین اور غذائیت کی کمی جیسے جملہ مسائل کے حل کے لئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا شمار زراعت اور جنگلات کے مضامین میں دنیا کی 50بہترین جامعات میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف قوت مدافعت والی گندم کی اقسام تیار کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے حقیقی مسائل کے حل کے لئے کمیشنڈ تحقیق کو پروان چڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ گنے کی زیادہ پیداوار کی حامل اقسام متعارف کروائی ہیں جن میں حشرات اور جڑی بوٹیوں کے خلاف قوت مدافعت موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں بین الاقوامی کارنر میں وسعت لانے کی ضرورت ہے جہاں پر بین الاقوامی کمیونٹی بشمول ویت نام کے تعاون سے مزیدانٹرنیشنل مراکز قائم کیے جا سکتے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں