فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیشن کورٹس سے قتل کے تین مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے دو مجرمان کو سزائے موت اور تیسرے کو عمر قید کی سزا اور مجموعی طور پر 25لاکھ جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا۔ تفصیل کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج رانا تنویر احمد نے تھانہ ساندل بار کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سنا دیا۔ تھانہ ساندل بار کے علاقہ 61 ج ب میں 4مئی 2022ء کو مجرم احمد رضا نے مخالف محمد ذیشان کو قتل کر دیا تھا، جرم ثابت ہونے پر فاضل جج مجرم احمد رضا کو سزائے موت’ 10لاکھ ہرجانہ مقتول کے ورثاء کو ادا کرنے کا حکم دیا۔ جبکہ تھانہ غلام محمد آباد کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سنا دیا۔ 16اکتوبر 2022ء ملزم سجاد عرف شہزاد نے 124 ج ب میں اپنے تین ساتھیوں عبدالرحمن’ ریاض اور سعدیہ بی بی کیساتھ مل کر مخالف رضوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، جرم ثابت ہونے پر فاضل جج رانا تنویر احمد نے قاتل سجاد کو عمر قید اور 10لاکھ جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا جبکہ اس کے تین ساتھیوں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل سیشن جج اسد اﷲ سراج نے تھانہ چک جھمرہ کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے سالی کے قاتل مجرم ساجد فاروق کو سزائے موت اور 5لاکھ جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا۔ استغاثہ کے مطابق 2اپریل 2024ء کو مجرم ساجد فاروق نے رشتہ کے تنازعہ پر سالی ثوبیہ بی بی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔




