انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد جاری

لاہور (بیوروچیف) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کی روشنی میں پنجاب پولیس انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے میں مصروف عمل ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 1900 سے زائد ملزمان گرفتار اور 1866 مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 04 لاکھ 18 ہزار 284 پتنگیں، 13 ہزار 929 چرخیاں برآمد اور 1505 کیسز کے چالان جمع کروائے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 482 ملزمان گرفتار، 488 مقدمات درج، 19263 پتنگیں اور 714 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ گذشتہ سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں 12525 ملزمان گرفتار اور 11866 مقدمات درج کیے گئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچررز کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ جان لیوا سرگرمی کی ہرگز اجازت نہیں اور خونی دھندے میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں۔ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں جبکہ شہری کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی صورت میں 15 پر اطلاع دے کر ذمہ داری کا ثبوت دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں