صحافیوں پر تشدد برداشت نہیں کرینگے۔ شاہد علی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد پریس کلب کے صدر شاہد علی، سیکرٹری عزادار حسین اور دیگر عہدیداران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ روزنامہ پرماننٹ نیوز کے فوٹوگرافر علی حسنین کو کچہری بازار میں دورانِ ڈیوٹی ٹریفک وارڈنز کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنانا اور موقع پر پہنچنے والے سینئر صحافیوں زاہد مان، میاں سعید، امین چوہدری اور ندیم جاودانی کے ساتھ ناروا سلوک ایک افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔ ایسے واقعات آزادی صحافت پر کھلی ضرب کے مترادف ہیں اور کسی بھی مہذب معاشرے میں انہیں برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ متعلقہ حکام اس واقعے کا فوری نوٹس لیں اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ صحافی اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران پہلے ہی بے شمار چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، اور اگر ریاستی ادارے خود انہیں ہراساں کرنے لگیں تو آزاد صحافت کے اصولوں پر سنگین سوالات کھڑے ہو جاتے ہیں۔ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر ہمارے مطالبات پر فوری عمل نہ کیا گیا تو صحافتی برادری اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے پر مجبور ہوگی۔ ہم کسی بھی طرح کے دبائو یا ہراساں کیے جانے کی پالیسی کو تسلیم نہیں کریں گے اور آزادی صحافت کا دفاع ہر سطح پر جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں