گھریلو جھگڑا۔ داماد نے ساتھی سے ملکر ساس پر تیزاب پھینک دیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) غلام محمد آباد کے علاقہ جٹاں والا چوک میں گھریلو جھگڑے پر داماد نے ساتھی سے ملکر ساس پر تیزاب پھینک دیا، جسکی وجہ سے اس کا چہرہ بری طرح جھلس گیا، غلام محمد آباد پولیس نے تیزاب گردی کے واقعہ پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش سروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق غلام محمد آباد جٹاں والا چوک کی رہائشی فرزانہ بی بی نے بتایا کہ ملزم محمد عثمان ولد اکرم سکنہ رشید چوک اس کا داماد اور حسیب ولد محمد اسلام سکنہ غلام محمد آباد اس کا کزن ہے، اس نے اپنی بیٹی کا رشتہ محلہ عثمان غنی میں طے کیا جس کا داماد کو رنج تھا، وہ اس منگنی کو ختم کرنے کا کہتا تھا اس کے انکار کرنے پر ملزمان نے پہلے سربازار اسکو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس نے کارروائی کرنے کا کہا تو ملزمان نے سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت صلح کیلئے گھر بلوایا وہ اپنے شوہر کے ہمراہ داماد عثمان کے گھر جا رہی تھی کہ راستے میں ملزمان نے تیزاب کی بوتل اس کے چہرے پر پھینک دی جسکی وجہ سے اس کا چہرہ اور جسم بری طرح جھلس گیا، ملزمان دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے، مضروبہ کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچایا گیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں