مختلف مقامات پر مسلح افراد کی فائرنگ۔ 3افراد لہولہان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مختلف واقعات کے دوران مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 3افراد کو بری طرح زخمی کر دیا، حملہ آور ہوائی فائرنگ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، مضروبان کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا، پولیس نے اقدام قتل کے تحت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق 73 رب کے رہائشی فرحان نے بتایا کہ ملزمان علی آصف وغیرہ ان کے مکان پر قبضہ کرنا چاہتے تھے ملزمان نے کئی سادہ لوح افراد کے پلاٹوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے مزاحمت کی تو ملزمان نے گولی مار کر اس کے بھائی محسن رحمن کو بری طرح زخمی کر دیا۔ جبکہ تھانہ صدر کے علاقہ رسالہ روڈ پر عداوت کی بناء پر مسلح ملزمان راشد وغیرہ نے مخالف سفیان علی کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں تھانہ سمن آباد کے علاقہ میں معمولی جھگڑے پر مشتعل افراد نے فائرنگ کر کے ستارہ گولڈ سٹی کے رہائشی 24سالہ علی اکبر ولد نادر علی کو گولیاں مار کر زخمی کر کے فرار ہو گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں