فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،70کلو مضر صحت گوشت برآمد

جڑانوالہ (نامہ نگار) محکمہ لائیو سٹاک و فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے داتا بیف اینڈ مٹن شاپ سے مادہ جانور(بکری) کا مضر صحت بدبو دار 70کلو گوشت برآمد کرکے تلف کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر نازش سعید نے ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر سہیل ندیم،احسن محمود ایڈیشنل فوڈ سیفٹی آفیسر پنجاب کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جڑانوالہ موچی بازار میں واقع داتا بیف اینڈ مٹن شاپ پر فروخت ہونیوالے مادہ جانور (بکری) کے گوشت کو چیک کیا تو اس پر سلاٹر ہائوس کی مہر نہ لگی ہوئی تھی جبکہ گوشت انتہائی مضر صحت غیر معیاری اور بدبودار تھا جو انسانی صحت کیلئے مفید نہ تھا محکمہ لائیو سٹاک و فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے پکڑے جانیوالے 70کلو مضر صحت اور بدبودار گوشت کو تلف کر دیا ہے جبکہ قصاب کاشف کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے تھانہ سٹی استغاثہ دائر کر دیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر نازش سعید کا کہنا ہے کہ انسانی صحت کیساتھ کھیلنے والے قصاب کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں انکے خلاف روزانہ کی بیناد پر بے دریغ کارروائیاں جاری ہیں۔ عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ مضر صحت گوشت کی فروخت میں ملوث افراد کیخلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں