مقبول روڈ پر ٹیکسٹائل ملز اور گٹروں کے گندے پانی نے تباہی مچا دی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کا صنعتی علاقہ مقبول روڈ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن صاف ستھرا پنجاب کا حصہ نہیں بن سکا۔مقبول روڈ پر گٹروں اور ٹیکسٹائل سیکٹر کے گندے پانی نے علاقہ مکینوں کے ساتھ ساتھ تاجروں کی زندگی بھی اجیرن کر دی۔تفصیلا ت کے مطابق واساحکام اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے مقبول روڈ گٹروں کے گندے پانی کی وجہ سے رہائشیوں اور تاجروں کے لیے نو گو ایریا بن چکا ہے۔واسا حکام اس مسئلے کو حل کرنے میں مکمل طو رپر بے بس اور لاچار دکھائی دیتے ہیں۔عرصہ دراز سے مقبول روڈ ملوں اور گٹروں کے گندے پانی کے وجہ سے ٹو ٹ پھوٹ کا شکار ہے جسکے باعث تاجروں اور وہاں کے رہائشیوں کو آمدوفت میں سخت دشواری کا سامنا ہے۔علاقہ مکینوں اور مقبول روڈ پر کاروبار کرنے والے تاجروں کا کہنا ہے کہ کافی عرصہ سے مقبول روڈ پر گندے پانی کی وجہ سے علاقہ بھرمیں بدبو اور تعفن کے باعث سانس لینا بھی دشوار ہے اور خاص کر نماز کے اوقات میں مسجدجانیوالے نمازی حضرات کو بڑی مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔کئی مرتبہ واسا حکام کو درخواستیں دے چکے ہیں لیکن اس جانب کوئی بھی آفیسر توجہ دینے کو تیار ہی نہیں ہے ہماری کہیں بھی شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔گٹروں کے گندے پانی کی وجہ سے کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ایم ڈی واسا اور دیگر افسران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔علاقہ میں بدبو اور گندگی کی وجہ سے سانس کی بیماریوں کے ساتھ ساتھ دیگر بیماریوں نے بھی شہریوں کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کردیا ہے خاص کر بچے آسانی سے سانس اور معدہ کی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔تاجروں اور علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ واسا حکام اور ضلعی انتظامیہ کو پابند کیا جائے کہ مقبول روڈ پر گٹروں کے گندے پانی کا نکاس کرکے علاقہ کو صاف ستھرا کیا جائے تاکہ صاف ستھرا پنجاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے اور اسکے ساتھ ساتھ واسا کے نااہل افسران کو فارغ کرکے انکی جگہ کام کرنے افسران کو تعینات کیاجائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں