جماعت اسلامی کا فیصل آباد میں فلاحی پروگرام کا اعلان

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی نے کراچی کے بعد فیصل آباد میں بھی بنوقابل پروگرام شروع کرنے کااعلان کردیا۔لاکھوں نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروانے کے بعد انھیں روزگارمیں معاونت فراہم کی جائے گی۔ رجسٹریشن کا آغازکردیاگیا۔اپریل کے آخر میںحافظ نعیم الرحمن افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔ ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ نے زونل امراء کے اجلاس میں پروگرام کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ملکی آبادی کا 65 فیصدنوجوان قومی اثاثہ ہیں ، اس قومی اثاثے کو ضائع ہونے سے بچانے اور قوم کی ترقی کیلئے ہمیں جماعتی، مذہبی اورمسلکی تفریق سے بالاترہوکراقدامات کرنا ہوں گے ۔ اس موقع پر صدر الخدمت فائونڈیشن رائے ندیم الرحمن، ڈائریکٹر بنو قابل ثاقب فاروق بٹ،ضلعی سیکرٹری یاسر کھارا ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔انہوںنے کہاکہ بنو قابل پروگرام ایک انقلابی پروگرام ہے ۔نوجوانوں کا آئی ٹی کی جانب رجحان اور ان کا جذبہ پاکستان کے لیے امید کی کرن ہے، نوجوان اس پروگرام میں اپنا نام اور مقام بنا کر آئی ٹی کے میدان میں انقلاب برپا کریں گے او اپنے اور اپنے خاندان کے خوشحالی کے لیے قدم بڑھائیں گے ۔ میٹرک میں ہر سال لاکھوں بچے فارغ ہوتے ہیں اور ان کا مستقبل ضائع ہو جاتا ہے۔مفت آئی ٹی کورسز مکمل کر کے کے نوجوان دنیا بھر میں جا کر اپنی تعلیم کے ذریعے ملک کا نام روشن کرنے کے ساتھ گھربیٹھے باعزت روزگار کما سکیں گے جوملکی زرمبادلہ میں اضافہ کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنو قابل پروگرام ڈیڑھ سال قبل کراچی سے شروع کیا گیا تھا،جس کا مقصد نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کراو کر انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم ، صحت کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے،اگر ریاست اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی تو ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر غریب گھرانوں کے لیے تعلیم کا حصول مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں