فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پشاور اور لاہور بلیوز کی ٹیمیں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے تیسرے کوارٹرفائنل میں پشاور نے فیصل آباد کو 3 وکٹوں سے ہرادیا۔چوتھے کوارٹرفائنل میں لاہور بلیوز نے سیالکوٹ کو 33رنز سے شکست دی ۔پہلے سیمی فائنل میں پشاور کا مقابلہ ایبٹ آباد سے ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل لاہور بلیوز اور ملتان کے درمیان کھیلا جائے گا۔دونوں سیمی فائنلز بدھ کو کھیلے جائیں گے۔ تیسرے کوارٹرفائنل میں فیصل آباد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے7وکٹوں پر138رنز بنائے۔ علی شان نے 51رنز اسکور کیے۔عامرخان نے 25رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں۔پشاور نے آخری اوور میں 7وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔اسراراللہ 30رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ احمد صفی عبداللہ نے 20رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں۔محمد عامر خان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔چوتھے کوارٹرفائنل میں سیالکوٹ نے ٹاس جیت کر لاہور بلیوز کو بیٹنگ دی جو 20اوورز میں 184رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔عمرصدیق نے 3چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 65رنز بنائے۔ حسن علی نے 42 رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔اسامہ میر نے دو کھلاڑی آئوٹ کیے۔ سیالکوٹ کی ٹیم 19ویں اوور میں 151رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ مرزا طاہر بیگ نے 5چوکوں اور5 چھکوں کی مدد سے77 رنز اسکور کیے۔حسن علی نے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 25 رنز بنائے۔حسین طلعت۔ نثار احمد اور محمد رضوان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔عمرصدیق پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔




