شہروں،دیہاتوں میں مچھروں کی بہتات،سپرے نہ ہونے کے برابر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) موسم بدلتے ہی مچھروں کی بہتات’ ڈینگی پھیلنے لگا، گلی محلوں’ پارکوں میں مچھرمار سپرے کروایا جائے، عوامی حلقوں کا پرزور مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد بھر میں مچھروں کی بہتات نے شہریوں کا ناک میں دم کر دیا ہے، گلی محلوں اور پارکوں میں مچھروں کی بھرمار ہو چکی ہے، اس صورتحال میں لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، کمشنر فیصل آباد محترمہ مریم خان نے بدلتے موسم کے باعث انسداد ڈینگی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دیا اور ڈپٹی کمشنرز کو ڈینگی لاروا کی افزائش کی مکمل سرویلنس کے احکامات دیدیئے گئے ہیں، ڈویژنل کمشنر محترمہ مریم خان نے ناقص کارکردگی کے حامل محکموں کیخلاف سخت ایکشن لینے کا عندیہ بھی دیدیا ہے۔ انہوں نے حکم دیا ہے کہ ڈینگی کنٹرول ٹیمیں فیلڈ میں کام کرتی ہوئی نظر آنی چاہیے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈویژنل کمشنر محترمہ مریم خان کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔ موسم بدلتے ہی فیصل آباد بھر میں مچھروں کی بھرمار ہونا لمحہ فکریہ ہے، گلی محلوں اور پارکوں میں مچھروں کی بہتات سے ڈینگی کیسز بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ عوامی’ سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ گلی محلوں اور پارکوں میں مچھرمار سپرے کروایا جائے اور انسداد ڈینگی کے لیے ڈویژنل کمشنر محترمہ مریم خان کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے اور اس ضمن میں کوتاہی سے کام نہ لیا جائے تاکہ بدلتے موسم میں ڈینگی سے بچائو کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں