کاتھولک کمیشن کے زیر اہتمام افطار ڈنر

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)کاتھولک کمیشن برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مکالمہ فیصل آباد کی جانب سے مقامی ہوٹل میں مسلم و مسیحی ماہِ صیام کے سلسلہ میں ایک بین المذاہب افطار ڈنرکا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں فیصل آباد کے مختلف مکاتب فکر و مسالک سے تعلق رکھنے والے مسلم و مسیحی مذہبی رہنما ئوں، سماجی و سیاسی کارکنان اور سرکاری افسران کی ایک بڑی تعدا دنے شرکت کی۔بین المذاہب افطار کا مقصد مسلم ومسیحی اتحاد و مذہبی رواداری کو فروغ دینا تھا۔بین المذاہب افطار ڈنر میں بشپ اندریاس رحمت ،فادرخالد رشید عاصی ،شاہد انور ایڈووکیٹ،،مولانا محمد ریا ض کھرل، ڈاکٹر افتخار نقوی، پروفیسر انجم پال، مولانا سکندر ذکی و دیگر نے شرکا سے خطاب کیا۔ تقریب کے دوران بشپ اندریاس رحمت نے پاپائی مجلس برائے بین المذاہب مکالمہ کا ماہِ صیام اور عیدالفطر کے حوالے سے خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا کہ ہم مکالمہ کے زریعے بھائی چارہ پر مبنی ایک مشترکہ مستقبل کی تعمیر کریں اورانصاف ، رحم اور معافی جیسی مشترکہ اقدار کا پرچار کریں۔ دیواروں کی جگہ پُل بنائے، ناانصافی کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے انصاف کا دفاع کریںاور انسانیت کی جداگانیت کی خوبصورتی کا احترام کریں ۔ کسی بھی قوم یا افراد کودوسروں پراپنی سوچ مسلط کرنے کا حق نہیں بلکہ فہم و تفہیم پر مبنی ایک نیا مکالمہ ہونا چاہیے اور دوسروں کے عقائد اور نظریات کا احترام کرنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں