فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی،ٹوبہ میں غیر معیاری تیل بنانے والے یونٹ پر چھاپہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، غیر معیاری تیل بنانے والا یونٹ بند، مالک گرفتار۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عید الفطر سے قبل ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سمندری روڈ پر واقع ایک غیر معیاری یونٹ پر چھاپہ مارا، جہاں سے 1,070لٹر غیر معیاری تیل، ڈرم اور دیگر آلات ضبط کر لیے گئے۔ کارروائی کے دوران 160کلو گرام ملاوٹ والی اشیا کو تلف کر دیا گیا۔چھاپے کے دوران یونٹ میں صفائی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر پائے گئے، جبکہ ضروری ریکارڈز بھی موجود نہیں تھے۔ کیڑے مکوڑوں کی بھرمار نے یونٹ کی غیر معیاری حالت کو واضح کر دیا۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق، یہاں جانوروں کی چربی سے تیار کردہ تیل پایا گیا، جو صرف بائیو ڈیزل بنانے کے لیے استعمال ہو سکتا ہے، لیکن اسے خوراک میں ملاوٹ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ فوڈ اتھارٹی نے یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا کر گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ خوراک کا کاروبار صرف لائسنس اور قوانین کے مطابق ہی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹوبہ سمیت پنجاب بھر میں صحت دشمن عناصر کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے۔ ماہ رمضان کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیمیں 3 شفٹوں میں کام کر رہی ہیں تاکہ عید سے قبل صوبے بھر میں خوراک کی فروخت کے تمام مراکز کو چیک کیا جا سکے۔ فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر معیاری خوراک کی فروخت کی شکایت 1223 پر رپورٹ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں