سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنیکا حکم

جڑانوالہ (نامہ نگار) کمشنر مریم خان نے فیصل آباد ڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری کی بہتری پر فوکس کر لیا۔ سروس ڈیلیوری کا جائزہ لینے کیلئے انہوں نے اچانک تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جڑانوالہ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے ہسپتال میں مریضوں کی آمد کے ریکارڈ اور پرچی کے اجرا کی جانچ پڑتال کی۔ انہوں نے پرچی کے اجرا میں تاخیر اور مریضوں کی آمد کا ریکارڈ مینٹین نہ رکھنے پر اظہار برہمی کیا۔ کمشنر نے ایمرجنسی،وارڈز میں ڈاکٹرز و عملہ کی حاضریاں بھی چیک کیں۔ انہوں نے زیرعلاج مریضوں سے ادویات کی دستیابی اور مریضوں سے ڈاکٹروں کے رویہ بارے استفسار کیا۔ کمشنر کا اس موقع پر کہنا تھاکہ سرکاری ہسپتالوں کی سروس ڈیلیوری میں غفلت پر زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔ ادویات کی عدم فراہمی بارے شکایت پر سختی سے نمٹا جائیگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال کی بہتری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں