1سال میں2لاکھ26ہزار درخواستیں نمٹائی گئیں،وفاقی محتسب اعجاز قریشی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی محتسب کے ادارہ نے ایک سال کے دوران 2لاکھ 26ہزار درخواستوں کو 60دنوں میں نمٹایا جبکہ اس کے ذریعے شکایت کنندگان کو 8بلین روپے سے زیادہ کا ریلیف دیا گیا۔ یہ بات وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سو فیصد شکایات کو دور کرنے کی کوشش کرنے کے علاوہ محتسب کے ادارے کے مزید دفاتر دور دراز علاقوں میں بھی کھولے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں 13محتسب کام کر رہے ہیں جنہوں نے کل 60ہزار درخواستوں پر کارروائی کی جبکہ وفاقی محتسب نے 212 وفاقی اداروں کے بارے میں 2لاکھ 26ہزار درخواستوں کو نمٹایا جو اس سال 2لاکھ 70ہزار تک پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ انفرادی شکایات کے علاوہ وفاقی محتسب کے ادارے نے نظام کو درست کرنے کیلئے 80رپورٹیں مفت تیار کر کے حکومت دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 45فیصد درخواستیں آن لائن موصول ہو رہی ہیں جبکہ موبائل کے ذریعے شکایات کی شنوائی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے وفاقی محتسب کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر کا تعارف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نے 1975سے کام شروع کیا تھا جبکہ 2025ء کو ہم اس کی گولڈن جوبلی تقریبات منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے ممبران کی تعداد 11ہزار سے زائد ہے جو 118مختلف شعبوں اور ٹریڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کی ذمہ داریوں میں بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنا سر فہرست ہے تاہم یہ ادارہ شہر کی جامع اور منظم ترقی کیلئے بھی کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے ممبران بڑی تعداد میں نجی ہسپتال، میڈیکل کالج اور تعلیمی ادارے بھی چلا رہے ہیں جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں ۔ سوال و جواب کی نشست میں رانا سکندر اعظم، وحید خالق رامے، عطاء اللہ، ایوب اسلم منج اور دیگر ممبران نے حصہ لیا۔ محتسب نے انہیں کہا کہ وہ اپنی شکایات تحریری طورپر بھیجیں تاکہ اُن پر کارروائی کی جا سکے۔ آخر میں سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے وفاقی محتسب اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ سابق صدر شیخ اشفاق احمد نے صدر ریحان نسیم بھراڑہ کے ہمراہ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ وفاقی محتسب نے بھی چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ کو اپنے ا دارے کی شیلڈ دی۔ بعد میں انہوں نے وفاقی محتسب کے کمپلینٹ کائونٹر کا افتتاح کیا اور شجرکاری کے سلسلہ میں چیمبر کے پارک میں پودا بھی لگایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں