فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عیدالفطر صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام ڈویژن کے چاروں اضلاع سے عیدالفطر کے تینوں ایام میں 14ہزار 632ٹن کچرا ٹھکانے لگایا گیا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رئوف احمد کی زیرنگرانی فیلڈ افسران و ماتحت عملہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران شہریوں کو صفائی کی سہولیات فراہم کرنے میں ڈیوٹی پر مامور رہا۔ عید کے پہلے روز 5ہزار 251ٹن، دوسرے روز 4ہزار 861ٹن جبکہ تیسرے روز 4ہزار 520ٹن کوڑاکرکٹ لینڈفل سائیٹ تک منتقل کیا گیا۔امسال پہلی مرتبہ عیدالفطر کے موقع پر گرینڈ صفائی آپریشن کے اقدامات کئے گئے، دیہی علاقوں میں بھی صفائی آپریشن جاری رہے۔ مساجد، عیدگاہوں اور قبرستانوں میں پانی کا چھڑکاو اور لائمنگ کو یقینی بنایا گیا۔ چاند رات کو زیر ویسٹ آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے صبح 6 بجے تک تمام کمرشل مارکیٹس کو کلیئر کیا گیا۔صفائی کے موثر اقدامات کے تحت شہریوں کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن 1139کو بھی فعال رکھا گیا۔ساتھ ہی ساتھ عوامی آگاہی مہم کے تسلسل میں علمائے کرام نے عید خطبات میں صفائی کی اہمیت پر خصوصی روشنی ڈالی جبکہ سوشل موبلائیزر کی جانب سے پبلک پارکس، مساجد و عید گاہوں کے باہر معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ سی ای او ایف ڈبلیو ایم سی رئوف احمد نے عیدالفطر صفائی آپریشن کی کامیابی پر شہریوں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا، انکا کہنا تھا کہ کامیاب صفائی آپریشن کے انعقاد پر ہمارے ویسٹ ورکر مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے دن رات ایک کرتے ہوئے شہروں و دیہاتوں کو چمکائے رکھا۔انہوں نے بتایا کہ 15ہزار سے زائد کا عملہ فیلڈ آپریشن میں مصروف عمل تھا جبکہ 3ہزار سے زائد آپریشنل وہیکلز/ فلیٹ نے کوڑا کرکٹ کی تلفی میں حصہ لیا۔




