صحافی کالونی کیلئے ہماری جدوجہد نیک نیتی پر مبنی ہے،صدر پریس کلب شاہد علی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد پریس کلب کا اجلاس صدر شاہد علی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پریس کلب کی کابینہ کے اراکین نے شرکت کی۔صدر شاہد علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافی کالونی کے حصول کے لیے پریس کلب کے پلیٹ فارم سے جاری جدوجہد نیک نیتی پر مبنی ہے، اور ہم اس مشن کو پوری سنجیدگی اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری شروع کی گئی کمپین کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، جس سے کچھ عناصر خائف ہیں۔ جو بھی فرد یا گروہ صحافی کالونی کے قیام کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔سینئر نائب صدر جی اے تنویر نے کہا کہ جو شخص یا عناصر صحافی کالونی کی مخالفت کرتے ہیں، وہ نہ صرف اپنی برادری سے مخلص نہیں بلکہ صحافیوں کے حقِ رہائش کے بنیادی مطالبے کی بھی مخالفت کر رہے ہیں۔ شاہد علی کی قیادت میں صحافی کالونی کے قیام کی جدوجہد ایک مضبوط اور واضح سمت کی جانب گامزن ہے۔۔سیکرٹری پریس کلب نے اجلاس میں بتایا کہ پریس کلب کے ممبران کے درمیان بھائی چارے، یگانگت اور خوشی کے لمحات بانٹنے کے لیے 7 اپریل بروز سوموار کو ایک پروقار عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ تمام معزز ممبران سے شرکت کی درخواست کی گئی تاکہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ خوشیاں بانٹ کر اپنے اتحاد کو مزید مضبوط بنا سکیں۔ اجلاس میں نائب صدور ظفران سرور، ردا سندھو،جوائنٹ سیکرٹریز ندیم جاودانی، اورنگزیب ملک، اور ایگزیکٹو ممبران افشاں بتول، نعیم شاکر، رانا حنا جمیل، ، شاہد محمود، رانا محسن فاروق، ارشد انصاری، سعید طاہر، توفیق یوسف، علی رضا، ملک نادر مان،اور میاں کاشف فرید ،میاں صغیر سانول نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ فیصل آباد پریس کلب صحافیوں کے فلاحی منصوبوں، خاص طور پر صحافی کالونی کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد بھرپور طریقے سے جاری رکھے گا۔ یہ منصوبہ صرف رہائش کا بندوبست نہیں بلکہ صحافیوں کے وقار، یکجہتی اور ان کے حقوق کے تحفظ کی علامت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں