لاہور (بیوروچیف)سموگ اور فضائی آلود گی کے تدارک کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی کی کارروا ئیاں جاری ہیں، پنجاب بھر میں سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز کی مدد سے ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق گزشتہ 7روز کے دوران کیمروں کے ذریعے 2ہزار 223ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی، جن پر ایک ہزار 28جرمانے اور 787وارننگز جاری کی گئیں ۔ رپورٹ کے مطابق دھواں چھوڑنے والی 831 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 527 کو جرمانے کیے گئے، جبکہ لاہور میں ایسی گاڑیوں کے 333 ای چالان بھی جاری ہوئے۔اسی طرح بغیر ترپال تعمیراتی سامان لے جانے والی ایک ہزار 26 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی۔ باربی کیو پوائنٹس اور چمنیوں سے دھوئیں کی 137 خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جن پر تمام متعلقہ افراد کو وارننگز جاری کی گئیں۔اینٹوں کے بھٹوں سے دھوئیں کے 23 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جن میں سے 19 کو وارننگز جاری ہوئیں۔ کوڑا کرکٹ جلانے کے 36 واقعات کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 33 کیسز متعلقہ محکموں کو کارروائی کے لیے بھجوا دیے گئے۔ترجمان کے مطابق تعمیراتی مقامات پر ماحولیاتی ایس او پیز کی 168 خلاف ورزیاں بھی ریکارڈ کی گئیں۔




