حکومت کی یوتھ لون سکیم’ پاکستان کی تعمیر وترقی میں مددگار (اداریہ)

نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر کے نہ صرف قومی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے بلکہ بے روزگاری’ غربت اور معاشرتی مسائل میں بھی نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو تعلیم’ ہنر اور محنت کے ذریعے اپنے خاندانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم بہت سے باصلاحیت نوجوان مالی وسائل کی کمی کے باعث اپنے کاروباری منصوبوں کو عملی شکل نہیں دے پاتے۔ ایسے حالات میں وزیراعظم شہباز شریف کی یوتھ لون سکیم اہمیت رکھتی ہے۔ جس کے ذریعے نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اور خود روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ملک میں تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو ملازمت کے انتظار میں اپنا قیمتی وقت گزار دیتی ہے۔ حالانکہ ان میں سے بہت سے افراد چھوٹے کاروبار شروع کرنے’ جدید ٹیکنالوجی سے وابستہ ہونے’ زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور خدمات کے مختلف شعبوں میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگر انہیں مناسب مالی معاونت کاروباری رہنمائی اور تربیت فراہم کی جائے تو یہی نوجوان اپنے لیے روزگار پیدا کرنے کے ساتھ دوسروں کے لیے بھی ملازمتوں کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ اس لیے نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی مالی سہولت نہیں بلکہ ملکی معیشت میں سرمایہ کاری کے مترادف بھی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نوجوانوں کیلئے کاروباری اور زرعی قرضوں کی فراہمی کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت جبکہ یوتھ لون سکیم کے تحت قرضوں کی تقسیم میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستحق نوجوان حکومتی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں معاشی طور پر خودمختار اور بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت نوجوانوں کو کاروبار’ زراعت اور ہنرمندی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔ ملک بھر کے نوجوانوں کی فلاح وبہبود’ انہیں جدید ہنر سے آراستہ کرنے’ روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعظم کے وژن کے مطابق نوجوانوں کی ترقی’ انہیں بااختیار بنانے اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ قرضوں کی تقسیم کے تمام مراحل میں شفافیت اور میرٹ کی بنیادی اصول بنایا جائے۔ قرضوں کی فراہمی کے ساتھ نوجوانوں کو کاروبار چلانے کی بنیادی تربیت دینا بھی ضروری ہے۔ کاروباری منصوبہ تیار کرنے’ آمدنی اور اخراجات کا حساب رکھنے’ صارفین تک رسائی حاصل کرنے’ مصنوعات کی تشہیر اور قرض کی اقساط بروقت ادا کرنے سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے، پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد اور ان کی عملی معاونت ناگزیر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی یوتھ لون سکیم اس سمت میں مفید کردار ادا کر سکتی ہے۔ بشرطیکہ قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز’ شفاف اور میرٹ پر مبنی ہو۔ حکومت’ بینکوں اور متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون سے ایسی رکاوٹیں دور کرنی چاہئیں جو مستحق نوجوانوں کو مالی معاونت کے حصول سے محروم رکھتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو محض وعدوں کے بجائے عملی مواقع فراہم کیے جائیں، ان کی درخواستوں پر بروقت حقیقی کامیابی اسی میں ہے کہ اس کے ثمرات سفارش یا اثرورسوخ رکھنے والوں تک محدود نہ رہیں بلکہ شفاف اور منصفانہ طریقے سے ان نوجوانوں تک پہنچیں جو محنت’ ہنر اور عزم کے ذریعے اپنا مستقبل سنوارنا چاہتے ہیں یہی طرز عمل خودروزگاری کے فروغ’ معاشی خودمختاری اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں