پبلک ٹرانسپورٹ اور آن لائن کیبز پر کیو آر پینک بٹن لازم قرار

لاہور (بیوروچیف) خواتین کے تحفظ اور دوران سفر ہراسانی کے واقعات کی روک تھام کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں اور آن لائن کیب سروسز میں کیو آر پینک بٹن چسپاں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر شروع کیے گئے اقدامات کے تحت اب تک ایک لاکھ 49ہزار 888گاڑیوں پر کیو آر پینک بٹن نصب کیے جا چکے ہیں، جبکہ 40ہزار سے زائد شہری سفر کے دوران پینک بٹن اسکین کر چکے ہیں۔سی ٹی او لاہور کے مطابق شہر کے 45 مقامات پر ٹریفک ٹیمیں کیو آر پینک بٹن چسپاں کر رہی ہیں۔ عوامی تحفظ کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ پر کیو آر پینک بٹن لگانا لازم قرار دیا گیا ہے۔ خواتین دوران سفر ہراسانی کی صورت میں پینک کوڈ اسکین کرکے فوری مدد حاصل کر سکتی ہیں۔پینک بٹن کی تنصیب کے لیے ہر ٹریفک سیکٹر میں ٹیمیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ رکشوں کے لیے علیحدہ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ رکشہ یونینز کے مطالبے پر لاہور میں چار نئے لائسنس سینٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔سی ٹی او کا کہنا ہے کہ اسمارٹ ٹریفک مینجمنٹ اور جدید سکیورٹی فیچرز کے فروغ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ حفاظتی فیچرز نہ اپنانے والی آن لائن کیب سروسز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جدید ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے مسافروں اور ڈرائیورز کی مانیٹرنگ کو مزید مثر بنایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں