المناک ٹریفک حادثہ میں ماں بیٹیوں سمیت 11افراد جاں بحق

جڑانوالہ (نامہ نگار) ٹریفک کے المناک حادثہ میں تیز رفتار سپر اتفاق بس کے ڈرائیور نے لوڈر رکشہ کو کچل ڈالا بدقسمت خاندان کے ماں بیٹیوں سمیت 11افراد جاں بحق’ 6افراد کی حالت مخدوش،جاں بحق ہونیوالوں میں 9بچے ‘2خواتین رکشہ ڈرائیور شامل ہیں،حادثہ کا شکار ہونیوالا بدقسمت خاندان عید کی چھٹیاں گزار کر گائوں سے واپس جڑانوالہ گلشن عزیز ٹائون آ رہا تھا حادثہ کا مرتکب ڈرائیور فرار ہو گیا،المناک حادثہ کا سن کر پورے شہر کی فضا سوگوار ہو گئی،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اظہار افسوس،ار پی او فیصل آباد نے سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی،تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کے نواحی گائوں سید ہور کے رہائشی رائے ریاض حسین نمبردار کے خاندان کے افراد عید الفطر کی چھٹیاں گزار کر لوڈر رکشہ میں سوار ہو کر جڑانوالہ گلشن عزیز ٹائون اسلام پورہ کی جانب آ رہا تھا کہ جڑانوالہ لاہور روڈ پر تھانہ لنڈیانوالہ کی حدود چک نمبر 5 اڈا سٹاپ کے قریب سپر اتفاق کمپنی کی تیز رفتار بس نمبر 2562 کے ڈرائیور نے لوڈر رکشہ کو کچل ڈالا جس کے نتیجہ میں لوڈر رکشہ میں سوار ماں بیٹیوں سمیت ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق ہو گئے جاں بحق ہونیوالے افراد میں مسکان،ایمان دختر شاہ جہاں، نعمان ولد شاہ جہاں ممتاز بی بی زوجہ شاہ جہاں،فیضان، حمزہ،علی زین ولد سلیم،شازیہ زوجہ سیلم، حمیرہ،آمنہ دختران شہباز،شہزاد ولد سخی محمد شامل ہیں جاں بحق ہونیوالے افراد میں 9 بچے 2 خواتین اور رکشہ ڈرائیور شامل ہیں جاں بحق ہونیوالے افراد میں سے 5 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ 3 افراد نے ٹی ایچ کیو ہسپتال اور 3 افراد نے الائیڈ ہسپتال ٹو میں دم توڑا،المناک حادثہ کی اطلاع پر ایس پی ٹائون ضیا الحق،ڈی ایس پی سرکل جڑانوالہ ایس ایچ او تھانہ لنڈیانوالہ رانا عاصم نے ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچ کر جاں بحق ہونیوالے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال جڑانوالہ منتقل کیا المناک حادثہ کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ بھی ٹی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے اور ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر رانا عبدالواجد ڈاکٹر پیرا میڈیکل اسٹاف نے تمام زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کیں جبکہ حادثہ میں زخمی ہونیوالے 6 افراد علیزہ،سلیمان،نازیہ اور سرگم کو فیصل آباد ہسپتال ریفر کیا گیا ہے جہاں انکی حالت مخدوش بتائی جاتی ہے ٹریفک کے المناک حادثہ پر آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر نے سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ماتحت افسران کو ہدایت جاری کیں کہ سینئر افسران جائے وقوعہ کا دورہ کریں اور ٹریفک حادثہ کی ہر پہلو سے تفتیش کریں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جڑانوالہ ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ٹریفک کے المناک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کو گرفتار کیا جائے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونیوالے ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد کی ہلاکت پر پورے شہر کی فضا سوگوار ہو گئی اور گائوں میں قیامت صغریٰ کا منظر تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں