فیصل آباد میں 1لاکھ 20ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کرنیکی تیاریاں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد 1لاکھ 20ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی اگیتی کاشت کرانے کیلئے سرگرم ‘ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں ابتک 1لاکھ 12ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کرلی گئی ۔ کمشنر مریم خان کا محکمہ زراعت توسیع کو 2دن کے اندر کاشت کا 100فیصد ہدف حاصل کرنے کا حکم ‘ کمشنر نے اجلاس میں کپاس کی کاشت اور فصل کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن(ر) ندیم ناصر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن عامر رضا،ڈائریکٹر زراعت توسیع خالد محمود،اور کراپ رپورٹنگ سروس کے افسران اجلاس میں شریک تھے۔ کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے اگیتی کاشت کا ہدف ہر صورت حاصل کیا جائیگا۔ کپاس کی کاشت کے حوالہ فرضی اعدادوشمار کسی صورت قبول نہیں۔ محکمہ زراعت توسیع اور کراپ رپورٹنگ سروس کی ٹیمیں کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے فیلڈ میں رہیں۔ کمشنر مریم خان نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اگیتی کاشت کا خود جائزہ لیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ،جھنگ،چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں