ضلعی انتظامیہ نے المناک حادثہ کے6زخمی بچوں کو ”لاوارث ”چھوڑ دیا

جڑانوالہ(نامہ نگار) ٹریفک حادثہ میں زخمی ہونیوالے زیر علاج بچوں کی عیادت کیلئے کسی اعلیٰ ضلعی افسران نے الائیڈ ہسپتال کا چکر لگانے کی زحمت تک گوارہ نہ کی، فراہم کردہ علاج معالجہ پر ورثاء نے تحفظات کا اظہار کر دیا۔ ورثاء کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق 2روز قبل تھانہ لنڈیانوالہ کی حدود لاہور روڈ پر بس ڈرائیور نے رکشہ میں سوار فیملی کو کچل ڈالا تھا 11افراد جاں بحق اور 6افراد زخمی ہو گئے تھے۔ زخمی ہونیوالے بچوں کو علاج معالجہ کیلئے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد سرجیکل وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔ ورثاء کا کہنا ہے کہ حادثہ میں انکے خاندان کے 11افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اعلیٰ افسران کی مبینہ چشم پوشی انکے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ ورثاء کاکہناہے کہ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کوئی خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی ہے ورثاء نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف و دیگر حکام بالا سے اپیل ہے کہ حادثہ میں زخمی زیر علاج بچوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں