جماعت اسلامی کا غزہ ملین مارچ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی کال پرجمعہ کو لاہورمال روڈپر ہونے والے غزہ ملین مارچ میں ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ کی قیادت میں فیصل آباد سے دوہزار سے زائدمردوخواتین پرمشتمل قافلہ شریک ہوگا۔مارچ کے ذریعے پوری دنیا کے حکمرانوں کو یہ پیغام جائے کہ پاکستان کے عوام اہل غزہ کے ساتھ ہیں،پاکستانیوں اور فلسطینیوں کا ایمان کا رشتہ ہے،مظلوموں کے لیے نہ کھڑے ہوئے تو روز محشر حضور پاک ۖ کو کیا منہ دکھائیں گے۔ضلعی جنرل سیکرٹری یاسراقبال کھاراایڈووکیٹ نے تفصیلات کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مظلوم اہل غزہ کی حمایت نہ کرنا اور غزہ میں جاری ظلم پر خاموشی سب سے بڑی منافقت ہے،امت بے چین ہے، حکمران طبقہ ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے، حکمران بے حمیتی چھوڑیں، جو عرب ممالک اس خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ غزہ کے ملیا میٹ ہونے کے بعد ان کی باری نہیں آئے گی وہ بہت بڑی بھول میں مبتلا ہیں۔جان لیں اگر خاموش رہے تو غزہ کے بعد ان کی بھی باری آئے گی۔انہوںنے کہاکہ اسلامی ممالک کے پاس فوجیں، ہتھیار، وسائل موجود ہیں، اس سب کے باوجود یہ تماشا دیکھ رہے ہیں، دنیا میں ٹرمپ، نیتن یاہو اور مودی کا شیطانی اتحاد وجود میں آچکا ہے، ہر جگہ مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، مغرب کا انسانی حقوق کا پردہ بھی چاک ہوگیا ہے، امریکا کی سرپرستی اور یورپی یونین اور برطانیہ کی حمایت سے عالمی سامراج اسرائیلی دہشت گردی کی مکمل پشت پناہی کررہا ہے، پوری دنیا کا باضمیر طبقہ صہیونی مظالم پر سراپا احتجاج ہے،۔انہوںنے صدرآصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اپیل کی وہ کہ مسئلہ فلسطین پر عملی کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں