سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ حکومت پنجاب کا اہم انیشیٹو ہے ،کمشنر سرگودھا

سرگودہا(بیورو چیف)کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں کی آئوٹ سورسنگ حکومت پنجاب کا اہم انیشیٹو ہے، ڈپٹی کمشنرز اور ایجوکیشن افسران اس منصوبہ کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں ، ایسے تمام سکولوں کے وقتا فوقتاً دورے کریں اور اگر کوئی کمی کوتاہی ہو تو انتظامیہ سے دور کروائیں تاکہ اس اہم انیشیٹو کے اصل اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔ وہ چاروں اضلاع میں سرکاری سکولوں کی آئوٹ سورسنگ بارے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ کمشنر نے ڈویژن بھر میں سرکاری سکولوں کی آئوٹ سورسنگ سے پہلے اور بعد کی کارکردگی رپورٹ بھی ایک ہفتہ میں طلب کر لی۔ انہوں نے سی ای اوز ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ وہ تمام ایسے آئوٹ سورس سکولوں کی پہلے اور بعد کی انرولمنٹ، اساتذہ کی تعداد اور دستیاب سہولتوں کی تفصیلی رپورٹ مرتب کر کے ایک ہفتہ میں ان کے دفتر بھجوائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے سرکاری سکولوں کے صرف ایک فنکشن کو آئوٹ سورس کیا گیا ہے کوئی سکول پرائیویٹائز نہیں ہوا، لہذا ایجوکیشن افسران ایسے تمام سکولوں کی مکمل اونر شپ لیں۔ تمام آئوٹ سورس سکولوں کی عمارات بہتر ہونے چاہیے ، پینے کا پانی دستیاب، واش رومز کی حالت بہتر، اساتذہ اور درجہ چہارم کے ملازمین ضرورت کے مطابق موجود ہونے چاہیے۔ اسی طرح سکولوں کی صفائی ستھرائی کو چیک کرنے کے علاوہ طلبہ کی تعلیمی استعداد کار کا بھی جائزہ لیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرگودھا ڈویژن میں پہلے مرحلہ میں مجموعی طور پر 810 سرکاری سکولوں کو آئوٹ سورس کیا گیا ہے جس میں سرگودہا کے 257 خوشاب کے 212 میانوالی کے 148 اور بھکر کے 193 سکولز شامل ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ فیز ٹو میں مزید 536 سکولوں کو آئوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر سرگودہا کے 218، خوشاب کے 98، میانوالی کے 104 اور بھکر کے 116 سکول شامل ہیں۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنروں اور سی ای اوز ایجوکیشن نے آئوٹ سورس سکولوں کی موجودہ کارکردگی اور اپنی آراء سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن رائے محمد یاسر بھٹی، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن اور سی ای او ایجوکیشن کے علاوہ چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور سی ای اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں