پیپلز کالونی نمبر2میں گرینڈ آپریشن،پختہ تجاوزات مسمار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر عظمت فردوس نے انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ پیپلزکالونی نمبر2 حسینیہ چوک’ غوثیہ چوک میں پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا، جبکہ زم زم چوک’ مقبول روڈ’ سرفراز کالونی کا وزٹ کرتے ہوئے تجاوزات کرنیوالوں کو تنبیہ کی کہ وہ ازخود پختہ تجاوزات کو ہٹا دیں ورنہ آپریشن کے دوران ان کا زیادہ نقصان ہو گا’ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران علاقہ کی بجلی منقطع ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ ٹینکیوں میں پانی ختم ہونے سے بعض افراد نمازجمعہ بھی ادا نہ کر سکے’ فیسکو کی جانب سے صبح 10بجے بجلی بند کر کے شام سات بجے بحال کی گئی۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس نے انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ بھاری مشینری کے ساتھ پیپلزکالونی نمبر2 مقبول روڈ تا حسینیہ چوک’ غوثیہ چوک مرچاں والا چوک تا حاجی چوک میں پختہ تجاوزات’ دکانوں’ گھروں کے باہر تھڑے’ گیراج کو مسمار کر دیا اور دکانداروں کی طرف سے کی جانے والی عارضی تجاوزات کو ہٹا دیا گیا جبکہ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے پیپلزکالونی نمبر2 مقبول روڈ’ زم زم چوک’ سرفراز کالونی کا وزٹ کر کے تجاوزات کرنے والوں کو وارننگ دی کہ وہ ازخود تجاوزات کو ختم کر دیں ورنہ ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں