پیرا میڈیکل سٹاف ڈاکٹرز پر ظلم برداشت نہیں

لاہور (بیورو چیف) پنجاب میں BHQ اور RHC ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف پنجاب اسمبلی مال روڈ پر جاری ڈاکٹرز کے احتجاجی دھرنے میں خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت بنیادی ہیلتھ یونٹس اور رورل ہیلتھ کیئر کے مراکز کی نجکاری کر کے صحت کے اہم شعبہ سے جان چھڑانا چاہتی ہے۔ جماعت اسلامی ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف سے ظلم برداشت نہیں کرے گی۔ اگر حکومت نے پیرا میڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹرز کے پنجاب اسمبلی کے سامنے پرامن دھرنے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تو جماعت اسلامی سخت احتجاج کرے گی اور آپ کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ حکومت پنجاب بنیادی صحت مراکز کی نجکاری کی بجائے عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرے اور نجکاری کے عمل کو روکا جائے۔ا س موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری ، امیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیا الدین انصاری ، عامر نثار ، اکرام الحق سبحانی ، رانا عثمان وادود، محمد فاروق چوہان ودیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکومت اداروں کو ٹھیکے پر دے رہی ہے ۔ ان کے پاس اہلیت صلاحیت اور قابلیت نہیں ہے۔ یہ پنجاب سمیت پورے پاکستان سے مسترد شدہ عناصر ہیں، انہیں لوگوں نے ٹھکرا دیا ہے ۔ لیکن اسٹبلشمنٹ آشرباد اور فارم 47کے سہار ے سے مسلط ہو ئے ہیں۔ ان کو ہم نا انصافی کرنے اور اپنے اداروں کی لوٹ سیل لگانے نہیں دیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں