اسسٹنٹ ڈائریکٹر ون ونڈو FDAمحمد عباس ریٹائر ہو گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پرائیویٹ سیکرٹری/اسسٹنٹ ڈائریکٹر ون ونڈو کائونٹر ایف ڈی اے محمد عباس 41سال 6ماہ 8دن کی سروس کے بعد ملازمت سے ریٹائر ہو گئے ہیں۔ ان کے اعزاز میں الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاسنگ، اربن ڈویلپمنٹ وپبلک ہیلتھ انجینئرنگ سلطان باجوہ مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر طلحہ تبسم، عبداللہ نور، پی ایس او شبیر ساجد گجر و دیگر افسران اور سٹاف کے ارکان اس موقع پر موجود تھے۔ ریٹائر ہونے والے آفیسر کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور انہیں یادگاری تحائف پیش کیے گئے جبکہ ڈی جی ایف ڈی اے کی طرف سے کامیاب سروس و عمدہ کارکردگی کا توصیفی سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری سلطان باجوہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ باعزت ریٹائرمنٹ بڑے اعزاز کی بات ہے اور یہ انعام محنت، لگن اور دیانت داری سے سرکاری فرائض انجام دینے سے ہی حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی درازی عمر و صحت کی دعا کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے محمد عباس کی عمدہ کارکردگی اور بے داغ سروس کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے طویل مدت ملازمت کے دوران فرض شناسی و دیانتداری کی اعلی مثال قائم کی جو کہ دوسروں کے لیے قابل تقلید ہے۔ انہوں نے محمد عباس کے لئے صحت وعافیت اور خوشگوار زندگی کی دعا کی۔ چیف انجینئر مہر ایوب و دیگر نے بھی محمد عباس کی صاف ستھری سروس اور جذبہ خدمت کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا اور انہیں صحت مندی کے ساتھ باوقار ریٹائرمنٹ پر مبارکباد دی۔ ریٹائرڈ ہونے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عباس نے ان کے اعزاز میں الوداعی پارٹی منعقد کرنے یادگاری تحائفاور توصیفی سرٹیفیکیٹ دینے پر ڈی جی ایف ڈی اے اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی پذیرائی بہت بڑا ایوارڈ ہے اور وہ ادارے سے گہری وابستگی اور ساتھی ملازمین کی محبتوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں