گندم کی فصل آنے پر کسانوں کو بے یارومددگار چھوڑنا زراعت کی تباہی ہوگی

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی اور کسان بورڈ کے کارکن حافظ نعیم الرحمن کی کال پرکسانوں کو درپیش مسائل اور گندم کی امدادی قیمت طے نہ کرنے کے خلاف ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں15اپریل کو صبح10بجے ڈپٹی کمشنردفترکے سامنے دھرنادیں گے جس میں ضلع بھرسے کسان ٹریکٹر ٹرا لیو ں سمیت شریک ہوںگے جبکہ آج ضلعی سیکرٹریٹ چنیوٹ بازارمیں آل پارٹیزکسان کانفرنس ہو گی۔اس امرکااعلان المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں مرکزی نائب امیر ڈاکٹرفریداحمدپراچہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیاگیا۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری یاسراقبال کھاراایڈووکیٹ،صدرکسان بورڈ علی احمد گورایہ ،صدرسیاسی کمیٹی میاںطاہرایوب،سابق صدربارمیاںانوارالحق،شیخ محمدمشتاق بھی موجودتھے۔ڈاکٹرفریدپراچہ نے کہاکہ کسان سے گندم کی خریداری وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے ۔ گندم کی فصل آنے پر کسانوں کو بے یار و مددگار چھوڑدینا دیدہ و دانستہ طور پر زراعت کی تباہی ہے۔ حکومت کسانوں کا معاشی قتل عام پر تلی ہوئی ہے،جماعت اسلامی ایسا نہیں ہونے دے گی۔ حکومت فوری طورپر سرکاری ریٹس کااعلان کرے اوراس ریٹ پر کسانوں سے ساری گندم خریدے۔انہوںنے کہاکہ کسانوں کی چیخ و پکار پر بھی پنجاب حکومت کے کانوں پر جوں نہیں رینگ رہی۔حکومت نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے کہنے پر زراعت پر سبسڈی ختم کی ہے۔حکومت کسان کے اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پرگندم کی خریداری پالیسی کااعلان کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں