ترکیہ کے نائب صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات

انطالیہ ‘ترکیہ(مانیٹرنگ ڈیسک)ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعلیمی منصوبوں اور معاشی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔انطالیہ ڈپلومیسی فورم 2025 کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز میں ملاقات ہوئی ۔نائب صدر جودت یلماز نے ڈپلومیسی فورم 2025 میں شرکت پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا ۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کانفرنس میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔دونوں راہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ دلچسپی کے امور اور تعاون بڑھانے پر گفتگو کی اوردونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعلیمی منصوبوں اور معاشی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں دونوں راہنماؤں نے معاشی امکانات، تجارت، تعلیم اور ہنر کی ترقی پر مشترکہ کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیر اعلی مریم نواز نے نائب صدر ترکیہ سے گفتگو میں کہا کہ ترکیہ پاکستان دو بھائی ہیں، وزیر اعلی مریم نوازنے ترکیہ کے نائب صدر کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی ۔راہنماؤں نے ہنر مند افرادی قوت اور گلوبل سکل میپنگ میں تعاون پر بات چیت کی ۔مریم نواز نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے ترکیہ کے نائب صدر کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا ۔مریم نواز نے نائب صدر ترکیہ کو صوبہ پنجاب میں تعلیم اور ہنر کی ترقی کے اپنے منصوبوں سے آگاہ کیا۔#/s#

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں