تھانہ لنڈیانوالہ کی حوالات میں منشیات کے ملزم نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی

جڑانوالہ (نامہ نگار) تھانہ لنڈیانوالہ کی حوالات میں منشیات کے مقدمہ میں گرفتار 13 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم نے گلے میں پھندا ڈال کر مبینہ طور پر خود کشی کر لی، آر پی او فیصل آباد نے ایس ایچ او,محرر،نائب محرر اور پولیس اہلکار کو معطل کرکے ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں3رکنی انکوائری ٹیم تشکیل دے دی ہے، تفصیلات کے مطابق تھانہ لنڈیانوالہ پولیس نے چک نمبر 378گ ب کے رہائشی علی شیر کو حراست میں لیکر اسکے خلاف منشیات کا مقدمہ درج کرکے اسے تھانہ کی حوالات میں بند کیا ہوا تھا کہ اسی دوران پولیس کی مبینہ چشم پوشی کے باعث منشیات کے مقدمہ میں گرفتار ملزم علی شیر نے حوالات میں گلے میں پھندا ڈال کر مبینہ طور پر خود کشی کر لی حوالات میں بند ملزم کی جانب سے مبینہ خود کشی کے معاملہ پر آر پی او نے سی پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے جس پر سی پی او فیصل آباد نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز عمارا شیرازی کی سربراہی میں 3 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور ہدایت کی ہے کہ معاملہ کی شفاف انکوائری کرکے رپورٹ جمع کروائی جائے ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی میں شامل ایس ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد عمارا شیرازی،ایس پی ٹائون ضیا الحق،ڈی ایس پی سی آئی اے نے فوری طور پر جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے اور انکوائری ٹیم تحقیقات میں ذمہ داران جا تعین کرکے محکمانہ کارروائی کی سفارش کریگی جس پر کوتاہی کے مرتکب اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کے مطابق حاصل ہونیوالی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حوالات میں بند ملزم علی شیر نے خود کشی کی ہے دوسری جانب سی پی او فیصل آباد نے ایس ایچ او تھانہ لنڈیانوالہ،محرر،نائب محرر اور ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار کو معطل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق مبینہ طور پر خود کشی کرنیوالے ملزم علی شیر کیخلاف مختلف اضلاع میں منشیات فروشی کے 13مقدمات درج ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں