تحریک منہاج القرآن کی عید ملن پارٹی و اجلاس

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)تحریک منہاج القرآن فیصل آبادکی عیدملن پارٹی اورایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مقامی ریسٹورنٹ میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر منہاج القرآن خالدمحمود رندھاوا نے کی۔ اجلاس میں ضلعی ناظم خالد مصطفوی ایڈووکیٹ،ملک غلام حسین،چوہدری مسعود محسن، عمرفاروق علوی،علامہ اخترحسین اسد،سہیل مقصود،حافظ سرفرازاحمد،غلام محمدقادری،محمدشفیق ایڈووکیٹ،میاں محمدفیاض،ڈاکٹرسلطان محمود سمیت ضلعی ذمہ داران ، پی پی صدور،ناظمین نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خالدمحمودرندھاوانے کہا کہ اتباع قرآن مجید اور سیرت نبوی ۖ کو اپنی زندگی کا جزو لازم بنا لینا ہر مسلمان کیلئے ایک مقدس مشن ہے ۔اس عمل کے ذریعے نہ صرف انسان روحانی ترقی حاصل کرتا ہے بلکہ ایک مثبت معاشرتی کردار ادا کر کے دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے میں بھی اپنا حصہ ڈالتا ہے۔ یہ عمل انسان کو اللہ کے قریب کرتا ہے جس کی بدولت دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی ممکن ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ دعوتِ دین کا سب سے موثر ذریعہ حسنِ اخلاق اور خیر خواہی کا رویہ ہے۔ منہاج القرآن کے کارکنان محبت، خدمت اور اخلاص کے پیغام کو عوام الناس تک پہنچائیں۔ حلقاتِ درود صرف روحانی محفلیں نہیں بلکہ قلبی تطہیر اور فکری ارتقا کا ذریعہ بھی ہیں۔ ہمیں فیصل آبادکی ہر یونین کونسل میں عرفان القرآن کے دروس کے ذریعے فہم دین کوعام کرنا ہے۔ عوامی رابطہ مہم کو منظم حکمت عملی سے آگے بڑھائیں تاکہ مشن کا پیغام ہر فرد تک پہنچے۔” ضلعی ناظم خالدمصطفوی ایڈووکیٹ نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا فکری و تنظیمی سفر عوامی سطح پر اب ایک نئی جہت میں داخل ہو رہا ہے۔ ہمارا ہر کارکن ایک چراغ ہے جس نے اپنے حلقہ اثر میں روشنی پھیلانی ہے۔ ہم فیصل آبادکے ہر علاقے، ہر وارڈ، ہر یوسی تک پہنچنے کے لیے بھرپور منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ذمہ داران اور کارکنان اپنے کام کو پوری ذمہ داری کے ساتھ فرض سمجھ کر ادا کریں، یہی ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا پیغام ہے۔انہوں نے تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا اور اجلاس کی کامیابی کو آئندہ کی بہتر حکمت عملی کی بنیاد قرار دیا۔اجلاس کے اختتام پر اجلاس میں حلقات درود، دروس عرفان القرآن اور فیصل آبادمیں جاری عوامی رابطہ مہم سمیت دیگر امور پر تفصیلی مشاورت کے بعد اہم فیصلے بھی کئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں