خاتون کو بچوں سمیت اغوا کرکے تشدد کرنیوالے 3ملزمان گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ گلبرگ پولیس نے صلح نہ کرنے پر خاتون کو بچوں سمیت اغواء کر کے تشدد کا نشانہ بنانے والے 3ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا، مرکزی ملزم شانی ڈھلوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق تین سال قبل ملزمان شانی ڈھلوں’ ولید ڈھلوں’ ساجد ڈھلوں اور نجف وغیرہ کے دوست ملزم قاسم رندھاوا نے عوامی کالونی کی رہائشی عفیفہ بی بی کے شوہر شہباز کو دیرینہ دشمنی کی بناء پر قتل کر دیا تھا اور ملزم قاسم رندھاوا کو عدالت نے سزا سنائی تو ملزمان اپنے دوست کو سزا سے بچانے کیلئے مقتولہ کی اہلیہ سے زبردستی صلح کروانا چاہتے تھے اور انکار کرنے پر عفیفہ بی بی کو دو بچوں سمیت اغواء کر کے سمندری روڈ پر ایک مکان میں لے جا کر حبس بے جا میں رکھتے ہوئے بری طرح تشدد کا نشانہ بھی بنایا، تاہم 16گھنٹے بعد خاتون کھڑکی کے راستے فرار ہو کر گھر پہنچی تو ملزمان نے اسکے عزیز کی دکان پر فائرنگ کر کے خوف وہراس پھیلایا تھا۔ سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ گلبرگ اقبال فرید نے عملہ کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے 3ملزمان ولید ڈھلوں’ ساجد ڈھلوں اور نجف کو اسلحہ سمیت گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ جبکہ ان کے ساتھی مرکزی ملزم شانی ڈھلوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں