26اپریل کی ہڑتال،جماعت اسلامی کے وفد کی سیاسی و تاجر رہنماؤں سے ملاقاتیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) غزہ اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی کی طرف سے 26 اپریل بروز ہفتہ کی شٹرڈائون ہڑتال کو کامیاب بنانے کے سلسلہ میں وفد ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ کی قیادت میں صدر ٹریڈ ونگ رانا محمد سکندراعظم خاں’ صدر سیاسی امور میاں طاہر ایوب’ نائب امیر فیصل آباد ضلع شیخ افضال شاہین سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین میاں عبدالمنان’ صدر حاجی اسلم بھلی’ کوارڈی نیٹر حاجی عابد’ ستیانہ روڈ کے سینئر نائب صدر شفاعت علی رانا’ مکی کلاتھ مارکیٹ کے صدر سلطان بٹ’ گول کریانہ کے جنرل سیکرٹری شیخ فاضل’ چنیوٹ بازار کے صدر ملک شاہد رسول’ ریل بازا ر کے جنرل سیکرٹری شیخ آصف سرفراز’ ریلوے روڈ کے جنرل سیکرٹری آفتاب بٹ’ افغان چوک کے صدر عبدالرحمن مانی’ جنرل سیکرٹری مرزا محمد اعظم’ ریگل روڈ کے صدر خالد پرویز ودیگر رہنمائوں سے مشاورت کر رہا ہے’ سپریم انجمن تاجران اور دیگر تاجر تنظیموں کے عہدیداروں نے اپنے گروپ کی تاجرتنظیموں سے مشاورت کرنے کیلئے وقت مانگ لیا اور کہا کہ ہمیں ایک دن کا ٹائم دیا جائے تاکہ ہم شہر کی دیگر تاجر تنظیموں سے مشاورت کر لیں’ اس موقع پر میاں عبدالمنان’ حاجی اسلم بھلی’ حاجی عابد’ شفاعت علی رانا’ سلطان بٹ و دیگر تاجر رہنمائوں نے کہا کہ غزہ کے نہتے مسلمانوں کیلئے ہماری جان بھی حاضر ہے مگر ابھی تین دن قبل ہم شٹرڈائون ہڑتال کر چکے ہیں اور ایک ہفتے میں دوسری شٹرڈائون ہڑتال کرنے کیلئے ہمیں کچھ وقت چاہئے تاکہ ہم اپنی مشاورت مکمل کر لیں’ انہوں نے کہا کہ 17 اپریل کی کامیاب ترین ہڑتال کے بعد اگر ہم نے سستی دکھا دی اور اتنی کامیاب ہڑتال نہ کر سکے تو ہمیں نقصان ہو سکتا ہے’ لہٰذا ہم باقی تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لے کر آپ کو جواب دیں گے’ جماعت اسلامی کے ضلعی صدر پروفیسر محبوب الزماں بٹ’ رانا محمد سکندراعظم خاں’ افضال شاہین اور میاں طاہرایوب نے کہا کہ غزہ کے مسلمان تکلیف میں ہیں’ 57 اسلامی ممالک کے سربراہان خاموش ہیں’ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کو گاجر’ مولی کی طرح کاٹ رہا ہے’ بچوں کو شہید کر رہا ہے’ ہمارا جذبہ ایمانی صرف ایک ہڑتال تک محدود نہیں ہونا چاہئے’ اس نیک کاز کیلئے اگر ہمیں روزانہ ہڑتال کرنی پڑے تو ہمیں کرنی چاہئے’ شائد ہمارا یہ عمل اللہ تعالیٰ کو پسند آجائے اور ہماری بخشش کا سبب بن جائے’انہوں نے کہا کہ آپ اپنی مشاورت مکمل کرلیں’ ہمیں یقین ہے کہ ہم سب کا جواب مثبت ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں