زرعی یونیورسٹی میں محکمہ زراعت کے 32افسران کیلئے ورکشاپ کا اہتمام

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیشنل ٹریننگ اینڈ سکل ڈویلپمنٹ سنٹر کے تحت محکمہ زراعت پنجاب کے افسران کیلئے چار ہفتوں پر محیط ورکشاپ برائے فنانس ایڈمنسٹریشن مینجمنٹ و ای گورننس کا آغاز ہو گیا۔ 27ویں بیچ کے تحت محکمہ زراعت کے 32 افسران کو تربیت دی جا رہی ہے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہے جس کیلئے زراعت کو جدید سائنسی اصولوں پر استوار کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پروفیشنل ٹریننگ اینڈ سکل ڈویلپمنٹ سنٹر ڈاکٹر وقاص وکیل نے کہا کہ یہ ورکشاپ محکمہ زراعت کے افسران کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرکاء کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے دورحاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تربیتی کورسز ترتیب دیئے گئے ہیں تاکہ ان کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سنٹر سے اب تک گیارہ ہزار افراد زراعت، لائیوسٹاک اور دیہی ترقی کے حوالے سے 250 شارٹ کورسز سے مستفید ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں